ورلڈ کپ میں رضوان اور میں اننگز اوپن کریں گے: بابر اعظم
بابر اعظم اس سے قبل اوپننگ کے لیے اپنا اور محمد رضوان کا نام بتا چکے ہیں (فوٹو: ویڈیو گریب)
ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کی متحدہ عرب امارات روانگی سے قبل پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ اور محمد رضوان اننگز شروع کریں گے تاہم صورتحال دیکھ کر فیصلہ بدل سکتے ہیں۔/
بدھ کے روز ورچوئل پریس کانفرنس میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ان سے اور محمد رضوان سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کی جا رہی ہیں، دونوں کا منصوبہ بھی پرفارم کرنے کا ہے۔ ابتدائی منصوبے کے تحت ہم دونوں اوپنرز ہیں لیکن متحدہ عرب امارات میں ہی فیصلہ کریں گے۔
پاکستانی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ روایتی حریف انڈیا کے خلاف 24 اکتوبر کو کھیلے گی۔ اس سے قبل گرین شرٹس نے 18 اور 20 اکتوبر کو پریکٹس میچ کھیلنے ہیں۔
پاکستان کے پہلے میچ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پہلا میچ بڑا مقابلہ ہے، فاتحانہ آغاز کی کوشش کریں گے۔ انڈیا کے خلاف میچ ہمیشہ پریشر گیم ہوتی ہے ہم اسے ہینڈل کرنے کا پلان بنا رہے ہیں۔‘