گاڑی کے ماڈل کو اپ گریڈ کیا جاسکتا ہے؟
’گاڑی کی باڈی میں بغیر اجازت تبدیلی کرنا قانون شکنی کے زمرے میں آتا ہے‘ (فائل فوٹو)
ٹریفک پولیس نے یاددہانی کرائی ہے کہ گاڑی کی باڈی میں بغیر اجازت تبدیلی کرنا قانون شکنی کے زمرے میں آتا ہے جس پر سزا مقرر ہے-
عاجل نیوز کے مطابق ٹریفک پولیس کے ٹوئٹر پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ٹریفک قوانین کے مطابق گاڑی کے رنگ یا اس کی شکل میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کرنے پر محکمہ ٹریفک پولیس سے این اوسی حاصل کرنا لازمی ہےـ این اوسی حاصل کیے بغیر گاڑی کی شکل میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جاسکتی-
ٹریفک پولیس کا مزید کہنا تھا کہ وہ افراد جو این اوسی حاصل کیے بغیر گاڑی کی شکل میں تبدیلی کرتے ہیں قانون کے مطابق ان پر 2 ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے-
وہی خلاف ورزی دوسری بار ریکارڈ پر آنے کی صورت میں جرمانہ ڈبل کردیا جاتا ہے جبکہ تیسری بار خلاف ورزی پر جرمانہ 5 ہزار ہوتا ہے- علاوہ ازیں اس ورکشاپ کو بھی مستقل طور پر سیل کردیا جاتا ہے جہاں متعدد بار قانون شکنی کی گئی ہو-
واضح رہے ایک شخص نے ٹریفک پولیس کے ٹوئٹر پر سوال کیا تھا کہ پرانے ماڈل کی گاڑی میں کچھ تبدیلی کرکے اسے نئے ماڈل کی طرح کرنا خلاف قانون ہوگا؟
خیال رہے کہ ٹریفک قانون کے مطابق ورکشاپس مالکان کے لیے لازمی ہے کہ گاڑی کی ڈینٹنگ و پینٹنگ کرنے سے قبل ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری این اوسی حاصل کریں بصورت دیگر ورکشاپ کے مالک پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں