ایکسپو 2020: سعودی پویلین میں ایک دن میں 23 ہزار وزیٹرز کی آمد
ایکسپو 2020: سعودی پویلین میں ایک دن میں 23 ہزار وزیٹرز کی آمد
پیر 18 اکتوبر 2021 12:34
لوک داستانوں پر مبنی شوز آنے والوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
دبئی میں جاری ایکسپو 2020 میں لگائے گئے سعودی عرب کے پویلین نے ایک دن میں 23 ہزار وزیٹرز کا استقبال کیا ہے۔ جس کے بعد پویلین کا دورہ کرنے والوں کی کل تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق سعودی پویلین کے کمشنرجنرل انجینیئر حسین حنبظاظہ نے بتایا ہے کہ ہمارا پویلین اپنے مختلف سیکشن اور وہاں ہونے والے مختلف پروگراموں کی وجہ سے زائرین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
یہاں پر ہونے والے پروگرام سعودی عرب میں جاری شہری ترقیاتی سکیموں کی عکاسی کرتے ہیں۔
سعودی پویلین میں آنے والے وزیٹرز کے لیے چار مختلف حصے بنائے گئے ہیں۔ جہاں پر مملکت کی قدرتی خوبصورتی ، ورثہ ، ثقافتی اور معاشی مواقع سے متعلق دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔
ایکسپو2020 میں قائم کئے گئے دوسرے بڑے پویلین میں مشہور لوک داستانوں پر مبنی شو بھی آنے والوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔
دریں اثنا مملکت کی وزارت دفاع میں ایگزیکٹو امور کے معاون وزیر ڈاکٹر خالد بن حسین البیاری نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے پویلینز کا دورہ کیا۔
متحدہ عرب امارات میں سعودی سفیر ترکی بن عبداللہ الدخیل اور دبئی ایکسپو میں سعودی پویلین کے چیف حسین حنبظاظہ نے ڈاکٹر خالد بن حسین البیاری کا استقبال کیا۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں