Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں 18 برس سے زیادہ افراد کو ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگائی جائے گی

تیسری خوراک پہلی ڈوز کے 6 ماہ بعد لگائی جائے گی (فائل فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت نے 18 برس اور اس سے زیادہ عمر کے لیے کورونا ویکسین کی تیسری خوراک لگانے کا شیڈول جاری کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ ’کورونا سے بچاؤ کے لیے مملکت میں 18 برس اور اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے بوسٹر ڈوز لگائی جائے گی۔‘
بیان کے مطابق ویکسین کی تیسری خوراک پہلی ڈوز کے 6 ماہ بعد لگائی جائے گی۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’تیسری خوراک کے لیے توکلنا اور صحتی ایپ پر وقت لیا جائے۔ جن افراد کو دوسری خوارک لگائے ہوئے 6 ماہ یا اس سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے انہیں چاہئے کہ وہ بوسٹر ڈوز لگوانے کے لیے خود کو رجسٹر کرائیں۔‘
واضح رہے قبل ازیں وزارت صحت کی جانب سے 60 برس اور اس سے زائد عمر کے ان افراد کے لیے بوسٹر ڈوز کو لازمی قرار دیا گیا تھا جو خطرناک امراض میں مبتلا ہیں۔
امور صحت کے اداروں سے منسلک افراد کے لیے بھی تیسری خوراک کو اہم قرار دیا گیا تھا تاہم اب ویکسین کی تیسری خوراک ہر ایک کے لیے ہو گی۔

شیئر: