سکریچنگ سے سنگین حادثات رونما ہوتے ہیں (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
وزارت داخلہ نے ٹریفک خلاف ورزیوں کی مد میں جاری چالان کے حوالے سے یاددہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ متعدد بار کار سکریچنگ کرنے پر جرمانے کی انتہائی حد 10 لاکھ ریال تک ہوسکتی ہےـ
عربی روزنامے ’الوطن ‘ نے وزارت داخلہ کی جانب سے مقرر کردہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے حوالے مزید کہا ہے کہ کار سکریچنگ کرنا سنگین ٹریفک خلاف ورزی میں شمار کی جاتی ہےـ
سکریچنگ پر پہلی بار گرفتار ہونے والے کو 20 ہزار ریال کا جرمانہ کیا جاتا ہے جبکہ مسلسل 3 بار اسی جرم میں گرفتار ہونے پر جرمانے کی رقم 10 لاکھ ریال تک پہنچ جاتی ہےـ
واضح رہے کہ ٹریفک قوانین کے مطابق کار سکریچنگ کرنا سخت قانون شکنی ہے جو قابل دست اندازی پولیس جرم مانا جاتا ہےـ
سکریچنگ کرنے کے الزام میں دوسری بار گرفتاری پر جرمانہ 40 ہزار ریال جبکہ تیسری بار 60 ہزار اور چوتھی بار 10 لاکھ ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہےـ
خیال رہے کہ نوجوانوں میں کار سکریچنگ کے رجحان کی روک تھام کے لیے سخت قانون سازی کی گئی ہےـ کار سکریچنگ کے دوران ماضی میں سنگین حادثات رونما ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے متعدد افراد معذوری کی زندگی گزارنے پر مجبورہیںـ
ٹریفک قوانین کی دیگر خلاف ورزیوں میں گاڑی کی مقررہ گنجائش سے زائد افراد کو سوار کرنے پر 900 سے ایک ہزار ریال جرمانہ ہوتا ہے جبکہ نشے کی حالت میں ڈرائیونگ پر 5 ہزار سے 6 ہزار ریال تک کا چالان کیا جاتا ہےـ