ٹی20 ورلڈکپ: سری لنکا نے بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا
اتوار 24 اکتوبر 2021 14:52
سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلہ دیش کی ٹیم کو کھیلنے کی دعوت دی۔ فوٹو: اے ایف پی
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔
بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز سکور کر کے سری لنکا کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے سات گیندیں قبل پانچ کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر حاصل کر لیا۔
سری لنکا کی جانب سے چیرتھ اسالانکا نے 49 گیندوں پر 80 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے پانچ چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلہ دیش کی ٹیم کو کھیلنے کی دعوت دی تھی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے اوپنر محمد نعیم نے 62 جبکہ مشفیق الرحمان نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 57 رنز سکور کیے۔
بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ چھٹے اوور میں 40 کے مجموعی سکور پر گری جب لٹن داس 16 رنز بنا کر کمارا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی شکیب الحسن تھے جنہوں نے 10 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی تیسری وکٹ 129 کے سکور پر گری جب محمد نعیم تیز رفتار اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔
آؤٹ ہونے والے بنگلہ دیش کے چوتھے کھلاڑی عفیف حسین تھے جو سات رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ اس وقت بنگلہ دیش کا مجموعی سکور 19 ویں اوور میں 150 تھا۔
ناٹ آؤٹ رہنے والے مشفیق الرحمان نے 37 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے۔