سعودی، سوئس سرمایہ کاری فورم کا ریاض میں آغاز
منگل 26 اکتوبر 2021 11:12
وزیر سرمایہ کاری کا کہنا ہے کہ 2030 تک بیرونی سرمایہ کاری کو 20 گنا زیادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ (فوٹو: واس)
وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد الفالح کی سربراہی میں سعودی، سوئس سرمایہ کاری فورم کا آغاز ہوگیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کےمطابق ریاض میں منعقد فورم میں دونوں ملکوں کی طرف سے اعلی حکام کے علاوہ سرمایہ کار شریک ہیں۔
انجینیئر خالد الفالح نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’سعودی عرب اور سوئس مشترکہ سرمایہ کاری کے بیشمار مواقع موجود ہیں۔‘
’ہم سوئس سرمایہ کاروں کو سعودی عرب میں خوش آمدید کہتے ہیں اور انہیں یہاں موجود متعدد مواقع سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب نے سرمایہ کاروں کے لیے بے شمار سہولتیں دینے کے علاوہ بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا اولین ہدف مقرر کر رکھا ہے۔‘
وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد الفالح نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب نے 2030 تک تین بنیادی اہداف مقرر کیے ہیں جن کے حصول کے لیے کام جاری ہے۔‘
’ہماری اولین ہدف ہے کہ ہم سعودی عرب میں سرمایہ کاری کا حجم دو ٹرلین ریال یعنی قومی پیداوار کا 30 فیصد کریں گے۔‘
’مقامی سرمایہ کاری کو سالانہ بنیادوں پر 9 فیصد اضافے کے ساتھ آگے لے جائیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’2030 تک بیرونی سرمایہ کاری کو 20 گنا زیادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔‘