Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

احتجاج ٹی ایل پی کا حق ہے، حکومت تشدد بند کرے: فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی کے معاملے کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے شائستگی سے حل کیا جائے (فوٹو: اے ایف پی)
جمعیت علمائے اسلام  اور اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ’احتجاج تحریک لبیک کا جمہوری حق ہے، حکومت اس کے کارکنوں پر تشدد بند کرے۔‘
بدھ کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ’ٹی ایل پی کے مطالبات غلط یا درست ہونے سے قطع نظر، حکومت معاملے کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے شائستگی سے حل کرے۔‘
انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’عجیب بات ہے کہ جب تحریک لبیک والے نواز شریف کے خلاف احتجاج کر رہے تھے تو وہ درست تھا اور عمران خان کے خلاف غلط ہے۔‘
انہوں نے پی ٹی آئی کے دھرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’126 روز تک احتجاج کرنے والوں کو احتجاج برا کیوں لگ رہا ہے۔‘
بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’جس حکومت کو نہیں مانتے اس کی نگرانی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کو بھی تسلیم نہیں کرتے۔‘
ان کے مطابق ’ہمارا مطالبہ عام انتخابات کا انعقاد ہے، پہلے وہ کروائے جائیں اور بلدیاتی انتخابات منسوخ کیے جائیں۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’مشاورت کر رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے۔‘
اس کے باوجود بھی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ ’اگر مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو ہمارے لیے قابول نہیں ہو گا۔‘
ان کے بقول ’اگر کوئی راستہ نہ بچا تو بائیکاٹ کر دیں گے۔‘

شیئر: