ریاض کے گلوبل ٹاون فیسٹیول میں ہزاروں افراد کی شرکت
ریاض کے گلوبل ٹاون فیسٹیول میں ہزاروں افراد کی شرکت
جمعرات 28 اکتوبر 2021 15:57
گلوبل فیسٹیول کے لیے آن لائن ٹکٹ دستیاب ہیں۔ ٹکٹ کی قیمت40 ریال ہے۔ (فوٹو عاجل)
سعودی عرب کے سب سے بڑے ملٹی نیشنل فیسٹیول کا گلوبل ٹاون فیسٹیول کے نام سے دارالحکومت ریاض میں آغاز ہوا ہے جو 9 نومبر تک جاری رہے گا۔
عرب نیوز کے مطابق ہزاروں افراد اس گلوبل ٹاؤن فیسٹیول کے لیے ریاض کے مشرقی رنگ روڈ پر نمائشی پارک میں جمع ہوئے ہیں جہاں پر وہ ناقابل فراموش تاریخی لمحات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
فیسٹیول آرگنائزر ملہیما گروپ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ریما الرویسان کا کہنا ہے کہ یہ ایک ناقابل بیان احساس ہے اورسعودی نوجوانوں اور خواتین کو وسیع پیمانے کے ثقافتی پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔
یہ دوسرا موقع تھا جب ریاض میں دو ہفتے جاری رہنے والا یہ فیسٹیول منعقد ہوا اور جس میں ابتدائی روز پانچ ہزار زائرین نے شرکت کی۔
اس میں دنیا بھرکے ممالک اپنے مشہور عجوبے اور مقامات کے ماڈلز کے ساتھ بازاروں، لوک داستانوں اور گانوں کی نمائش کریں گے جب کہ کیفے اور ریسٹورنٹس اپنے روایتی کھانے پیش کریں گے۔
سعودی عرب کی تاریخ کی سب سے بڑی موٹر بائیک پریڈ سے اس فیسٹیول کا آغاز ہوا جب افتتاحی روز پولارس سلنگ شاٹ نامی تین پہیوں والی گاڑیاں اور ہارلے ڈیوڈسن موٹرسائیکلیں فیسٹیول کے مرکزی مقام میں ایک ساتھ نظر آئیں۔
یہاں پر موجود زائرین کا خیرمقدم کرتے ہوئے ریما الرویسان نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ آپ اس تہوار سے لطف اندوز ہوں گے جس نے تمام ثقافتوں اور تہذیبوں کو ایک جگہ اکٹھا کردیا ہے۔
پہلے دن کے کچھ تجربات میں ثقافتی رقص، ورچوئل رئیلٹی گیمزاور روایتی کھانے شامل تھے۔ کئی سفیروں نے بھی ریاض میں منعقدہ اس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
ریاض سے تعلق رکھنے والے35 سالہ عبدالحکیم العودہ جو کہ ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے لیے ویژن2030 ٹیم کا حصہ بھی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ میں یہاں مختلف قسم کے کھیلوں اور تہواروں کا سن کر آیا ہوں۔
میں نے کپڑے اور پینٹنگز بیچنے والے سٹالز کا دورہ کیا اور ریسٹورنٹس میں بھی گیا جو کہ بہت شاندار ہیں۔
اس فیسٹیول کے لیے آن لائن ٹکٹ دستیاب ہیں۔ ٹکٹ کی قیمت40 سعودی ریال ہے۔
اس مقام پرآنے کے لیے12سال سے کم عمر بچوں کے لیے داخلہ مفت ہےاور فیسٹیول شام 4 بجے سے لے کر آدھی رات تک کھلا رہے گا اور9 نومبر تک روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں