امارات میں مارچ 2020 کے بعد کورونا کے سب سے کم مریض
متاثرین کی تعداد بڑھ کر7 لاکھ 39 ہزار 983 ہوگئی ہے(فائل فوٹو اے ایف پی)
امارات میں پیر یکم نومبر کو پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے مزید 78 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ مارچ 2020 کے بعد سب سے کم تعداد ہے۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا ’متاثرین کی تعداد بڑھ کر7 لاکھ 39 ہزار 983 ہوگئی ہے‘۔
وزارت صحت کے مطابق’ ملک میں پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران جدید تشخیصی آلات کی مدد سے کورونا کے مزید 2 لاکھ 72 ہزار 261 ٹیسٹ کیے گئے‘۔
وبا سے متاثرہ مریضوں میں سے مزید 110 مکمل صحتیاب ہوگئے، صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 7 لاکھ 34 ہزار 242 ہوگئی۔
بیان میں کہا گیا کہ’ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران زیرعلاج مریضوں میں سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ا، مرنے والوں کی تعداد دو ہزار 136 ہوگئی ہے‘۔
وزارت نے عوام کو احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلے کی پابندی جاری رکھنے کی پھر ہدایت کی ہے۔
علاوہ ازیں وزارت صحت کے اعلان کے مطابق ’پچھلے چوبیس گھنٹے میں کورونا ویکسین کی مزید 22 ہزار 662 خوراکیں دی گئی ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر ویکسین 2 کروڑ 11 لاکھ 72 ہزار 758 خوراکیں دی جاچکی ہیں‘۔