ریاض سیزن کے جیولری سیلون میں 15 لاکھ ڈالر کے فیس ماسک کی نمائش
ریاض سیزن کے جیولری سیلون میں 15 لاکھ ڈالر کے فیس ماسک کی نمائش
ہفتہ 6 نومبر 2021 5:07
فیس ماسک سونے اور تین ہزار 608 سیاہ اور سفید ہیروں سے مزین ہے( فوٹو عرب نیوز)
سونے اور تین ہزار 608 سیاہ اور سفید ہیروں سے مزین ایک فیس ماسک جو مبینہ طور پر دنیا کا سب سے مہنگا فیس ماسک ہے، ریاض سیزن کے جیولری سیلون میں نمائش کے لیے رکھا گیا ہے،جسے مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی زیورات کی نمائش کہا جاتا ہے۔
امریکی جیولری برانڈ وائی ویل کے صدر اور ڈیزائنرآئزک لیوی نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’مجھے دنیا کا سب سے مہنگا کوویڈ ماسک پیش کرنے پر فخر ہے۔ اسے لاس اینجلس سے میرے ایک بہت اچھے گاہک نے کمشینڈ کیا تھا۔ گاہک نے ماسک کے لیے 15 لاکھ ڈالر ادا کیے جسے وائی ویل نے ریاض سیزن کے لیے جیولری سیلون کو قرض دیا ہے۔
یہ ماسک تین حصوں پر مشتمل ہے۔ سامنے کا ٹکڑا جیولڈ کور ہے جس کا وزن 280 گرام ہے اور اس کے اندر این 99 ماسک ہے۔ تیسری پرت ڈسپوزایبل فلٹر ہے۔ لیوی نے زور دے کر کہا کہ یہ 100 فیصد کوویڈ ماسک ہے جسے (یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن) نے منظور کیا ہے۔
لیوی نے مکمل طور پر آپریشنل فیس ماسک بنانے کو بیان کیا جو ہیروں اور سونے کی خوب صورتی کو اجاگر کرتا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ صحت کے عالمی معیارات کو پورا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 210 کیرٹ کے ماسک کو بنانے میں نو ماہ سے زیادہ کا وقت لگا، جس میں 25 جیولرز، 16 ہیروں کے سیٹرز اور نو سنار کام کر رہے تھے۔ یہ واقعی ایک شاہکار ہے۔‘
لیوی نے عرب نیوز کو بتایا کہ ماسک کے مالک نے جب انہیں یہ کام کمشینڈ کیا تو انہوں نے اس کے لیے تین شرائط رکھیں۔ شرائط یہ تھیں کہ یہ دنیا کا سب سے مہنگا ماسک ہوگا، اسے 31 دسمبر سے پہلے پہنچانا ہو گا اور یہ کہ وہ گمنام رہے گا۔‘
لیوی نے کہا کہ ’یہ جینٹل مین جیولر یا جیولری جمع کرنے والا نہیں ہے۔ وہ ایک آرٹ کلیکٹر ہے اور وہ اسے فنکارانہ نقطہ نظر سے دیکھتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ممکنہ طور پر اس سال کے آخر میں مالک کی جانب سے ماسک کو نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا جس کی بولی 25 لاکھ ڈالر سے شروع ہوگی۔