ٹریفک خلاف ورزی پر گرفتاری، ضمانت کی کارروائی اب ابشر کے ذریعے
آن لائن کارروائی کے لیے شرائط مقرر ہیں. (فوٹو: ابشر ٹوئٹر)
ابشر پلیٹ فارم نے کہا ہے کہ سعودی شہری اور مقیم غیرملکی آئندہ ٹریفک خلاف ورزی پر ہونے والی گرفتاری پر ضمانت کی کارروائی آن لائن کرسکیں گے۔ اس حوالے سے ضمانت کی آن لائن کارروائی کے قاعدے ضابطے جاری کردیے گئے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزیر داخلہ نے آن لائن کارروائی میں توسیع کے پروگرام کا افتتاح کیا ہے۔ ان میں سے ایک کا تعلق ٹریفک ضمانت کی آن لائن کارروائی سے بھی ہے۔
ابشرانتظامیہ کا کہنا ہے کہ آن لائن کارروائی کے لیے ضمانت کے حوالے سے شرائط مقرر کی گئی ہیں۔
شرائط میں شامل ہے کہ کارروائی کرنے والا شخص سعودی شہری ہو، اس کی عمر 18 برس سے زیادہ ہو، مملکت کے اندر موجود ہو، ایکٹیو ابشر اکاؤنٹ رکھتا ہو اور مطلوبین کی فہرست میں شامل نہ ہو۔
محکمہ ٹریفک کے حوالے سے دو سے زیادہ ضمانتوں کی اجازت نہیں ہوگی۔
ابشر پلیٹ فارم نے مکفول کی ضمانت کے حوالے سے بھی شرائط متعین کی ہیں۔
اس کے لیے ضروری ہے کہ مکفول مملکت میں موجود ہو، مطلوبین کی فہرست میں اس کا نام نہ ہو اور مطلوبہ معاملے میں کوئی اور ضمانتی نہ ہو۔
بیان میں کہا گیا کہ کارروائی مکمل کرنے سے قبل سروس چارجز جمع کرانا ہوں گے۔ ضمانتی اور جس شخص کی ضمانت کرانی ہے دونوں کو آن لائن کارروائی کے بعد ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کیا جائے گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں