خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر کے غیر ملکیوں کو لوٹنے والا گروہ گرفتار
’گرفتار شدگان میں 5 یمنی غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرکے آئے تھے‘ ( فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ پولیس نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے غیر ملکیوں کو لوٹنے والا گروہ گرفتار کر لیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق گروہ میں 7 افراد شامل ہیں جنہیں کا تعلق فلسطین اور یمن سے ہے۔
مکہ مکرمہ ریجن پولیس نے کہا ہے کہ ’مذکورہ افراد میں سے 5 یمنی درانداز ہیں جو ملک میں غیر قانونی طور پر سرحد عبور کر کے آئے تھے‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدگان خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر کے لیبر کیمپوں اور سادہ لوح مزدوروں کو لوٹا کرتے تھے‘۔
’انہوں نے متعدد گھروں اور دکانوں سے بھی چوریاں کی ہیں جبکہ متعدد خواتین کے پرس چھین کر فرار بھی ہوئے ہیں‘۔
’پولیس کو ان کی تلاش تھی۔ جائے وقوعہ پر ملنے والے نشانات سے ان کا سراغ ملا ہے جس کی بنیاد پر ان کی گرفتاری ممکن ہوئی ہے‘۔