Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر قانونی افراد کے خلاف مہم جاری، 14 ہزار تارکین گرفتار

’کل تعداد میں سے 7511 گرفتار شدگان اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے‘ (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر قیام کرنے والوں کے خلاف ملک بھر میں کارروائی جاری ہے جہاں ہر ہفتے اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ہزاروں تارکین گرفتار ہوتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ملک بھر میں جاری تفتیش مہمات کے نتیجے میں 14 ہزار 932 غیر قانونی تارکین گرفتار ہوئے ہیں۔
غیر قانونی تارکین سے پاک وطن مہم کے تحت کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ’غیر قانونی گرفتار شدگان کی مذکورہ تعداد 4 نومبر سے 10 نومبر2021 تک کی ہے‘۔
مشترکہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ’کل تعداد میں سے 7511 گرفتار شدگان اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے‘۔
’اسی طرح 5872 گرفتار شدگان سرحدی قوانین کی خلا ف ورزی کے مرتکب تھے جبکہ 1549 تارکین لیبر قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث تھے‘۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ ’مذکورہ عرصے کے دوران 353 افراد گرفتار ہوئے جو  سرحدوں کو عبور کرکےملک میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑے گئے‘۔
’ان میں سے 66 فیصد یمنی، 32 فیصد ایتھوپی جبکہ 2 فیصد دیگر ممالک کے شہری ہیں‘۔

’غیر قانونی تارکین کی مدد کرنے پر 12 افراد گرفتار ہوئے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)

’اسی طرح 34 افراد بھی گرفتار ہوئے جو غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرکے بیرون ملک جانے کی کوشش کر رہے تھے‘۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ ’اقامہ و لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین کی مدد کرنے، انہیں سہولت فراہم کرنے یا کسی بھی قسم کا تعاون کرنے پر 12 افراد گرفتار ہوئے ہیں‘۔

شیئر: