گھر سے مچھروں کو کیسے بھگایا جائے؟
کورونا کے کیسز کم ہوتے ہی ملیریا اور ڈینگی کے پھیلاؤ کی خبریں سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔ ایسے میں مچھروں سے بچنا بہت ضروری ہو گیا ہے۔
سیدتی میگزین میں شائع ہونے والی رپورٹ میں کچھ ایسے مشورے دیے گئے ہیں کہ گھر سے باہر اور اندر مچھروں سے خود کو کیسے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
جڑی بوٹیاں
رپورٹ میں ایسی جڑی بوٹیوں کے بارے میں بتایا گیا ہے جو اگر کمرے میں موجود ہوں تو بو مچھروں کو باہر نکلنے پر مجبور کرتی ہیں، انہی میں سے ایک تلسی ہے۔
اس کے پتے کھڑکیوں اور گھر کے داخلی راستوں پر پھیلانے کے علاوہ بالکونی میں رکھ دیں تو اس کے بعد باہر سے مچھر گھر میں داخل نہیں ہو گے۔
اسی طرح پودینہ بھی ایک تیز خوشبودار پودا ہے جس کی خوشبو تیزی سے ہوا میں پھیلتی ہے۔
اس کے سبز یا خشک پتوں کو ٹی بیگز کی طرح کاغذی تھیلیوں میں رکھ کر کھڑکیوں اور داخلی دروازوں پر لٹکا دیں تو مچھر وہاں نہیں آئیں گے۔
بے لارل نامی پودا بھی جہاں لگا ہو وہاں مچھر نہیں جا سکتے۔ اس لیے اس کو باغیچے میں لگا لیا جائے تو اس کا فائدہ ہو سکتا ہے اسی طرح اس کے پتوں کو بھی گھر کے مختلف حصوں رکھ کر مچھروں سے بچا جا سکتا ہے۔
لیونڈر بھی ایسا خوشبودار پودا ہے جو مچھروں کو دور رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسے گھر کے مختلف حصوں میں رکھا جائے تو ایک تو ایئر فریشنر کا کام دیتا ہے، دوسرا دلکش دکھائی دیتا ہے اور تیسری اہم بات یہ ہے کہ مچھروں کو وہاں سے جانے پر بھی مجبور کرتا ہے۔
جڑی بوٹیوں کے علاوہ بھی کچھ ایسی چیزیں ہیں جو آپ کو مچھروں سے بچانے مدد دیتی ہیں۔
مچھر دانی
کچھ مچھر دانیاں تو ایسی ہوتی ہیں جن کے اندر مچھر نہیں گھس سکتے اور اس کے اندر موجود افراد محفوظ رہتے ہیں، یہ مچھر دانیاں بازاروں میں دستیاب ہیں۔ اسی طرح ایسی مچھر دانیاں بھی بعض ممالک میں مل جاتی ہیں جن کو چھوتے ہی مچھر ان سے چپک جاتا ہے اور مر جاتا ہے۔
کریم کا استعمال
مچھروں سے بچانے میں اینٹی موسکیٹو لوشن کا بھی اہم کردار ہے۔ یہ جسم کے ان حصوں پر لگایا جاتا ہے جو عام طور پر کھلے ہوتے ہیں اور مچھر بھی انہی مقامات پر حملہ آور ہوتے ہیں جیسے چہرہ، ہاتھ اور پاؤں، اس کی بو سے مچھر آپ کے قریب نہیں آتے۔
ہینڈ یا سٹن ریکٹس
یہ ریکٹس بھی بازار میں عام دستیاب ہوتے ہیں جن کا بٹن دباتے ہی اس کی تاروں میں ہلکا سا کرنٹ پیدا ہوتا ہے اور اس سے مچھر کو مارا جائے تو وہ فوراً مر جاتا ہے اگرچہ یہ بھی موثر ہے تاہم ان مچھروں سے بچانے میں کارگر نہیں جو آپ کے سونے کے بعد نمودار ہوتے ہیں۔