سعودی عرب یونیسکو کی شراکت سے عربی زبان کا عالمی دن منائے گا
13 سے 23 دسمبر تک آرٹ نمائش ہوگی- (فوٹو عاجل)
سعودی عرب 17 دسمبر 2021 کو یونیسکو کی شراکت سے عربی زبان کا عالمی دن منائے گا- اس کا سلوگن ’عربی زبان اورمسلسل تمدنی سفر‘ ہے-
ایس پی اے کے مطابق عربی زبان کے عالمی دن کا جشن پیرس میں یونیسکو کے ہیڈکوارٹر میں منایا جائے گا- سعودی وزارت ثقافت یونیسکو میں متعین سعودی مشن سلطان فاؤنڈیشن اور شاہ سلمان بین الاقوامی اکیڈمی برائے عربی زبان مل جل کر منائیں گے-
جشن میں دنیا بھر کے ماہرین کثیر تعداد میں شرکت کریں گے- وہ تہذیب و تمدن کے رشتے بنانے سنوارنے میں عربی زبان کے کردار پر اظہار خیال کریں گے-
پروگرام کے مطابق متعدد رجحانات کو اجاگر کرنے کے لیے کئی اجلاس ہوں گے- ملکی، علاقائی، عرب اور بین الاقوامی ثقافتی قائدین خطاب کریں گے- یونیسکو میں متعین سعودی سفیر شہزادی ھیفا آل مقرن، یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل، سلطان فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر جنرل اور کنگ سلمان اکیڈمی کے سیکریٹری جنرل مقررین میں شامل ہوں گے-
جشن کے حوالے سے تین مباحثے ہوں گے- اس موقع پر 13 سے 23 دسمبر تک آرٹ نمائش ہوگی- علاوہ ازیں 13 دسمبر سے 17 دسمبر تک ’عربی حروف کے سفر‘ کے عنوان سے ایک نمائش کا اہتمام کیا جائے گا-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں