Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مودی کے ہرکولیس طیارے کی نئی انڈین موٹر وے پر لینڈنگ

انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی ملک کی جدید ترین موٹر وے پر ہرکولیس ٹرانسپورٹ طیارے کے ذریعے اترے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو کیا یہ ایک شاندار سٹنٹ تھا جس میں انڈیا کی دو رویہ سڑکوں کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا جو ہنگامی فوجی ہوائی پٹیوں کے طور پر دگنی بھی ہو سکتی ہیں۔
نریندر مودی کو لے جانے والا بڑا طیارہ اتر پردیش میں نئے ایکسپریس وے کے ایک بالکل ہموار حصے پر اترا جس سے قبل انڈین فضائیہ نے فرانسیسی ساختہ میراج جیٹ طیاروں اور روسی ایس یو30 ایم آئی کے ساتھ ایک مختصر فضائی شو سے پہلے سڑک کو رن وے کے طور پر استعمال کیا۔
نریندر مودی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’انڈیا کی خوش حالی ہماری قومی سلامتی کی طرح اہم ہے۔ یہ ایکسپریس وے ہماری فضائیہ کے لیے ایک نئی طاقت بن گیا ہے۔‘
انڈیا کے پاس پاکستان کی سرحد کے قریب ریاست راجستھان میں ایک اور ہائبرڈ ہائی وے بھی ہے۔
تاہم حکومت 12 دیگر ایسی شاہراہوں کا منصوبہ بنا رہی ہے کیونکہ وہ چین کے ساتھ بڑھتے ہوئے تناؤ کے پیش نظر اپنی فوجی صلاحیتوں کو بڑھا رہی ہے اور اسی حوالے سے وہ امریکہ اور دیگر مغربی ممالک کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مستحکم بنانے کی کوشش میں ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی انڈیا کی خستہ حال سڑکوں کو بہتر بنانے کے لیے اربوں ڈالرز کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور یہ تقریباً 350 کلومیٹر (220 میل) پوروانچل ایکسپریس وے بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
مودی کی حکومت کا کہنا ہے کہ اس نے 2014 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے ملک بھر میں 50 ہزار کلومیٹر سے زیادہ ہائی ویز کو اپ گریڈ یا تیار کیا ہے۔ وہ 2021 میں مزید 11 ہزار کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کا ارادہ رکھتی ہے۔

نریندر مودی نے کہا کہ یہ ایکسپریس وے ہماری فضائیہ کے لیے ایک نئی طاقت بن گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

چھ لین والا پوروانچل ایکسپریس وے لکھنؤ کو بڑے پیمانے پر اتر پردیش کے پسماندہ مشرقی علاقوں سے جوڑتا ہے جہاں 2022 کے اوائل میں اہم انتخابات منعقد ہونے جا رہے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق ریاست اترپردیش میں قائم مودی کی ہندو قوم پرست پارٹی بی جے پی کی حکومت کا کہنا ہے کہ سڑکوں کا نیٹ ورک خطے میں اقتصادی ترقی کو فروغ دے گا اور ایودھیا جیسے شہروں میں سیاحت کو فروغ دے گا جو ہندوؤں کا ایک بڑا مقدس شہر تصور کیا جاتا ہے۔

شیئر: