Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

او آئی سی کے نئے سیکریٹری جنرل نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

نئے سیکریٹری جنرل کو چاڈ اور فرانس کے اعزازات بھی مل چکے ہیں (فوٹو: عاجل)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے بدھ کو یوسف العثیمین کے جانشین کی حیثیت سے چارج سنبھال لیا- 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق حسین طہٰ کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں شامل ممالک کے وزرائے خارجہ نے  47 ویں سیشن کے دوران جو نائیجر کے دارالحکومت نیامی میں منعقد ہوا تھا، سیکریٹری جنرل کے طور پر منتخب کیا تھا- 
او آئی سی نے ٹویٹر کے اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا ہے کہ نومنتخب سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے حسین ابراہیم طہٰ نے 17 نومبر 2021 کو جدہ جنرل سیکریٹریٹ میں چارج سنبھال لیا- حسین طہٰ کا تعلق چاڈ سے ہے- 
یاد رہے کہ حسین طہٰ کا انتخاب  نومبر 2020 میں ہوا تھا- افریقی گروپ کے نمائندے کی حیثیت سے انہیں او آئی سی کا سیکیریٹری جنرل منتخب کیا وہ اس عہدے پر پانچ برس تک فائز رہیں گے- 
حسین طہٰ اپنے وطن میں متعدد عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں- وہ وزیر امور خارجہ، معاون وزیر و نائب سیکریٹری جنرل ایوان صدارت بھی رہ چکے ہیں- ایوان صدارت میں سفارتی مشیر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں- چاڈ کے سفیر کے طور پر بھی کام کیا ہے- وہ فرانس، سپین، پرتگال، یونان اور ویٹیکن میں اپنے ملک کے سفیر کے طور پر کام کرچکے  ہیں- وہ سعودی عرب میں چاڈ کے سفارتخانے میں مشیر اول کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں- 
او آئی سی کے نئے سیکریٹری جنرل فرانسیسی، عربی اور انگریزی تینوں زبانیں بولتے ہیں- انہیں چاڈ کا قومی تمغہ (فارس) اور فرانس کی طرف سے بھی اعزاز مل چکا ہے-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

 

شیئر: