عرب اتحاد نے جنوبی سعودی عرب پر تین ڈرون حملے ناکام بنا دیے
اتحادی فورسز نے حوثی باغیوں کے میزائل حملے کو بھی ناکام بنا دیا تھا۔ ( فوٹو عاجل)
عرب اتحاد نے کہا ہے کہ ’ایئر ڈیفنس نے جمعے کو رات گئے جنوبی سعودی عرب پر حوثیوں کے تین ڈرون حملے ناکام بنائے ہیں‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ’جنوبی علاقے کی طرف بھیجے جانے والے ڈرونز کو راستے میں روک کر تباہ کر دیا گیا‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’خطرے سے نمٹنے کے لیے موزوں طریقہ کار پر عمل کیا جا رہا ہے‘۔
اس سے قبل عرب اتحاد نے بیان میں حوثیوں کے دو بیلسٹک میزائل حملوں کی ناکامی کا اعلان کیا تھا۔
حوثیوں کی طرف سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائل یمن کے اندر ہی جا گرے، میزائلوں کا ہدف یمن کے اندر شہری اہداف کو نشانہ بنانا تھا۔
اس سے قبل جمعرات کی شب اتحادی فورسز نے حوثی باغیوں کے میزائل حملے کو ناکام بنا دیا تھا۔
حوثی باغیوں نے جازان شہر کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔