Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ، عبداللہ شفیق اور ساجد خان سکواڈ میں شامل

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ جمعے کو ظہور احمد چودھری سٹیڈیم چٹاگانگ میں شروع ہوگا (فائل فوٹو: وکی پیڈیا)
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف جمعے سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے 12 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ جمعے کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بجے ظہور احمد چودھری سٹیڈیم چٹوگرام میں شروع ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق 12 رکنی سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان اور وکٹ کیپر)، عبداللہ شفیق اور عابد علی شامل ہیں۔
اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حسن علی، امام الحق، نعمان علی، ساجد خان اور شاہین شاہ آفریدی بھی 12 رکنی سکواڈ کا حصہ ہیں۔
جمعرات کو نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ’ہماری ٹیم متاثرکن ہے اور اس مرتبہ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ٹیم اچھا تاثر قائم کرے گی۔‘
پاکستانی کپتان نے کہا کہ ’ان کی ٹیم بنگلہ دیش کو آسان حریف تصور نہیں کرے گی۔‘
’یہاں کی کنڈیشنز (پاکستان کی بنسبت) مختلف ہیں، اس لیے ہم بنگلہ دیش کو آسان نہیں لیں گے۔‘
بابر اعظم کے مطابق ’بنگلہ دیش کی کنڈیشنز قدرے مختلف ہیں اور بیٹرز کو سیٹل ہونے کے لیے کریز پر ٹھہر کر کھیلنا ہوگا۔‘

پاکستان کے 12 رکنی سکواڈ میں اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، امام الحق، نعمان علی اور ساجد خان بھی شامل ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

’کھلاڑی پوری توجہ کھیل پر مرکوز کریں گے تاکہ سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائی جاسکے۔‘
یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اس دورے میں کھیلی گئی تین میچز پر مشتمل ٹی20 سیریز میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو وائٹ واش کیا تھا۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ سنیچر چار دسمبر سے شیرِبنگلہ سٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: