کیش وین پر حملے والی کار پکڑلی گئی
ریاض ...ریاض پولیس نے بینک کی کیش وین پر ڈکیتی میں استعمال ہونے والی کارپکڑ لی۔ تفصیلات کے مطابق سیاہ رنگ کی کار ایک رینٹ اے کار ایجنسی سے جعلی دستاویزات پر حاصل کی گئی تھی۔ باخبر ذرائع کا کہناہے کہ واردات کرنے والوں کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔ واردات کرنے والوں نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں واردات کی اور گرفتاری کے عمل کو بیحد پیچیدہ بنادیا۔ انکی کوشش تھی کہ انکے خلاف جائے وقوعہ پر کسی طرح کا کوئی ثبوت نہ ملے تاہم ریاض پولیس کاکہناہے کہ وہ واردات کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں کسنے کیلئے ادنی فروگزاشت سے کا م نہیں لے گی اور بالاخر انہیں عدالت کے کٹہرے میں پیش کرکے ہی دم لے گی۔ یاد رہے کہ حملہ آور 20لاکھ ریال سے زیادہ لوٹ کر فرار ہوئے ہیں۔