کراچی...سندھ ہائیکورٹ نے سابق وزیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف کرپشن کے 2 مقدمات میں درخواست ضمانت منظور کرلی۔سندھ ہائی کورٹ میں مقدمات کی سماعت ریفری جج جسٹس آفتاب گورڑ نے کی۔ 25، 25 لاکھ روپے کے 2 ضمانتی مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت کو منظور کرلیا۔احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم کے خلاف 462 ارب روپے کی کرپشن اور جے جے وی ایل منصوبے میں 17 ارب کی کرپشن کے2 ریفرنسز دائر تھے۔ ریفری جج نے ڈاکٹر عاصم کی درخواست ضمانت میڈیکل گراونڈ پر منظور کی۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے ڈویژن بنچ کے اختلافی فیصلے کے بعد جسٹس آفتاب احمد گورڑ کو ریفری جج مقرر کیا تھا۔ ریفری جج نے درخواست کی از سر نو سماعت کی اور فریقین کے دلائل سنے۔دہشت گردوں کے علاج معالجے کے کیس میں بھی سندھ ہائی کورٹ 5 لاکھ روپے کی ضمانتی مچلکوں کے عوض ڈاکٹر عاصم کی ضمانت منظور کرچکی ہے۔