Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چھوٹی سی کمپنی سے کروڑوں ریال کا مالک بننے والے سعودی نوجوان کی کہانی

سعودی عرب میں سماجی بہبود بینک نے (مرن ) انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کے تجربے کی کہانی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔
یہ کہانی ایک سعودی نوجوان کی ہے جو چھوٹی سی کمپنی سے کاروباری زندگی کی شروعات کرکے دیکھتے ہی دیکھتے کروڑوں ریال کا مالک بن گیا۔   
اخبار 24 کے مطابق سماجی بہبود کے بینک نے ایک چھوٹی کمپنی سے کاروباری زندگی شروع کرنے والے نوجوان کے تجربے کی تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر جاری کی ہیں تاکہ دیگر نوجوانوں کو بھی اس سے رہنمائی مل سکے۔
مرن کمپنی کے بانی اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر صالح المحسن نے بتایا کہ 2014 میں چھوٹی سے کمپنی سے کاروبار کا آغاز کیا تھا۔ مارکیٹ کا جائزہ لے کر یہ جاننے کی کوشش کی تھی کہ مقامی مارکیٹ کی ضروریات کیا ہیں پھر اس نے پروجیکٹ تیار کر کے سماجی بہبود بینک سے رجوع کیا جس نے اسے پروجیکٹ چلانے کےلیے تین لاکھ ڈالر قرضہ فراہم کیا۔
صالح المحسن نے بتایا کہ ’بہت چھوٹی ورکنگ ٹیم کی مدد سے 2017 کے وسط میں کام شروع کیا  پھر زکوۃ ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی کی طرف سے مرن کمپنی کے نظام کی منظوری حاصل کی اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں شمولیت اختیار کی‘۔ 
’ 2019 میں کمپنی کو 1.5 ملین ریال کا قرضہ ملا جس کی مدد سے ملازمین کی تعداد اور کاروبار کے دائرے کو وسعت دی‘۔ 
 صالح المحسن کا کہنا ہے کہ’ کاروبار بڑھنے پر 40 سے زیادہ ملازمین ہائیر کیے، ان میں سے 60 فیصد سعودی شہری ہیں‘۔  
مرن کمپنی کے مطابق ’اب  کمپنی کی مارکیٹ ویلیو کروڑوں ریال کی ہو چکی ہے۔ ہم سب کا خواب ہے کہ اسے ایک ارب ریال آمدنی والی کمپنی بنانا ہے‘۔ 

 

شیئر: