Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پلیز یہ سوال نہ پوچھیں‘ ثانیہ مرزا کی فینز سے اپیل

ثانیہ مرزا اپنے شوہر شعیب ملک کے ہمراہ ان دنوں کراچی میں مقیم ہیں (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کی ایک مختصر ویڈیو سوشل ٹائم لائنز پر وائرل ہوئی ہے جس میں ان سے پوچھا جا رہا ہے کہ کون سا ایسا سوال ہے جسے سن کر خواہش ہوتی ہے کہ یہ کبھی نہ پوچھا جائے۔
انڈین ٹینس سٹار نے اپنے شوہر شعیب ملک کی موجودگی میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیا تو کہا کہ ’مجھ سے پوچھا جاتا ہے کہ انڈیا اور پاکستان کے میچ میں آپ کسے سپورٹ کر رہی ہیں؟ پلیز یہ سوال نہ پوچھیں۔‘
ایک منٹ سے کچھ کم دورانیے کی ویڈیو میں ثانیہ مرزا کی گفتگو یہاں تک پہنچتی ہے تو قریب موجود شعیب ملک ان سے مخاطب ہو کر کہتے ہیں کہ آپ انڈیا اور پاکستان کے میچ میں کسے اچھی طرح سپورٹ کریں گی؟
یہ جملہ سن کر وہاں موجود افراد قہقہہ لگاتے ہیں کہ ثانیہ مرزا نے دوسروں سے جو سوال پوچھنے سے منع کیا ہے، وہی شعیب ملک نے لفظ بدل کر ان سے پوچھ ڈالا۔
اپنی انسٹاگرام ویڈیوز اور دیگر سوشل میڈیا سرگرمی میں حس مزاح اور حاضر جوابی کا بھرپور استعمال کرنے والی ثانیہ مرزا شوہر کی زبانی یہ جملہ سن کر مسکراتے ہوئے ان سے پوچھ ڈالتی ہیں کہ پاکستان اور انڈیا کا ٹینس میچ ہو تو آپ کسے اچھی طرح سپورٹ کریں گے؟
اس موقع پر شعیب ملک بغیر رکے جواب دیتے ہیں کہ ’یقینی طور پر میں اپنی اہلیہ کو سپورٹ کروں گا۔‘
جواب میں قہقہہہ لگاتے ہوئے ثانیہ مرزا کہتی ہیں کہ ’سیم آنسر، اب یہ سوال مجھ سے نہ پوچھا جائے‘ جس پر شعیب ملک کہتے ہیں کہ ’میں یہ سوال دوبارہ بھی پوچھوں گا۔‘
ثانیہ مرزا اور شعیب ملک دونوں ان دنوں کراچی میں ہیں جہاں وہ ایک مقامی برانڈ کے ساتھ مل کر اپنی پرفیوم متعارف کرا رہے ہیں۔
ثانیہ مرزا کی الجھن آمیز سوال سے متعلق گفتگو اسی موقع پر ریکارڈ ہو کر ٹائم لائنز پر آئی ہے جس پر جوڑے کے فینز نے مختلف انداز میں ردعمل کا اظہار کیا۔
کچھ صارفین نے انہیں ’پولیٹیکلی کوریکٹ کپل‘ قرار دیا تو کچھ ثانیہ مرزا جب کہ باقی شعیب ملک کو ’کول‘ کہتے رہے۔
اس تقریب کے موقع شعیب ملک کا کہنا تھا کہ وہ کرکٹ سے ریٹائرڈ نہیں ہو رہے ہیں۔ بابراعظم کے ساتھ ان کی گفتگو کے بعد یہ بات واضح ہے کہ پاکستانی ٹیم کو اس وقت بطور کھلاڑی ان کی ضرورت ہے۔ 

شیئر: