Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان، انڈیا میچ کے دوران ثانیہ مرزا سوشل میڈیا سے دور رہیں گی

ثانیہ مرزا کو شعیب ملک سے شادی کی وجہ سے پاکستان اور انڈیا کے میچوں کے دوران طنز کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ (فوٹو: ثانیہ مرزا انسٹاگرام)
انڈین ٹینس سٹار اور پاکستانی کھلاڑی شعیب ملک کی بیوی ثانیہ مرزا نے ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان انڈیا کے میچ سے قبل سوشل میڈیا سے بریک لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ وہ سوشل میڈیا سے اس لیے ’غائب‘ ہورہی ہیں کیونکہ  پاکستان اور انڈیا کے میچ کے دوران ہمیشہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی بڑھ جاتی ہے۔
ثانیہ مرزا ہمیشہ پاکستان اور انڈیا کے میچوں کے دوران طنز کا نشانہ بنتی ہیں کیونکہ انہوں نے ایک انڈین شہری ہوتے ہوئے پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک سے شادی کی تھی۔
روایتی حریف پاکستان اور انڈیا جب بھی کرکٹ کے میدان میں آمنے سامنے آتے ہیں تو دونوں ملکوں کے سوشل میڈیا پر صارفین کا جوش اکثر غصے میں بھی بدل جاتا ہے اور ایک دوسرے پر طنز اور جملے بازی دیکھنے میں آتی ہے۔
اس معاملے میں کھیل سے زیادہ عمل دخل دوںوں ملکوں خصوصاً انڈیا میں ہونے والی سیاست کا ہوتا ہے۔
اس میچ سے قبل بھی انڈیا کے چند سیاستدانوں کی جانب سے پاکستان اور انڈیا کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہونے میچ کی مخالفت کی جا رہی ہے۔
منگل کو انڈیا کی عام آدمی پارٹی کے ایک رکن اسمبلی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ ’ہم کشمیر میں اپنے لوگوں پر حملے ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وزیراعظم بھی میچ کے خلاف ہمارے مؤقف کی حمایت کریں گے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ نریندر مودی جب اپوزیشن میں تھے تو سوال اٹھایا کرتے تھے کہ جب کشمیر میں دہشتگردی ہو رہی ہے تو ہمیں کیا ضرورت ہے پاکستان کی ٹیم کے ساتھ میچ کھیلنے کی۔
اس سے قبل پونا حکومت کے یونین منسٹر رام داس بھی پاکستان اور اںڈیا میچ کی مخالفت کر چکے ہیں۔
تاہم انڈین کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلہ نے یہ بات واضح کردی ہے کہ پاکستان کے ساتھ میچ کھیلنے سے انکار نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ آئی سی سی کا ٹورنامنٹ ہے۔
پاکستان اور انڈیا کے مابین میچ 24 اکتوبر بروز اتوار کھیلا جائے گا۔

شیئر: