چٹوگرام ٹیسٹ:پاکستان کو فتح کے قریب، 93 رنز درکار
شاہین آفریدی نے دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
چٹوگرام میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز دن کے اختتام تک پاکستان نے کسی وکٹ کے نقصان کے بغیر 109 رنز بنائے اور پاکستانی اوپنرز عابد علی 56 اور عبداللہ شفیق 53 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
اس سے قبل دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 157 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور پاکستان کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف ملا۔
پاکستان کے اوپنرز نے پہلی اننگز میں بھی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تھا۔
سوموار کو چٹوگرام کے ظہور احمد چوہدری سٹیڈٰیم میں جاری میچ کے چوتھے دن بنگلہ دیش نے چار وکٹوں کے نقصان پر 39 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو چار رنز کے اضافے کے بعد ہی حسن علی نے مشفیق الرحمن کو بولڈ کر دیا۔
اس کے بعد لٹن داس اور یاسر علی کے درمیان 47 رنز کی شراکت داری بنی تاہم یاسر 36 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔
اس کے بعد وقفے قفے سے بنگلہ دیش کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔
پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی لٹن داس نے عمدہ بیٹنگ کی اور 59 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے پانچ اور ساجد خان نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 330 رنز بنائے۔
اس کے جواب میں پاکستانی ٹیم اوپنرز کی شاندار شراکت کے باوجود 286 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔