بحیرہ احمر کی ترقی اور تحفظ کے لیے مزید اقدامات، نئی اتھارٹی کی منظوری
وزیر سیاحت احمد الخطیب نے منظوری پر اعلی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب بحیرہ احمر کی ترقی اور تحفظ کےلیے مزید اقدامات کر رہا۔
سعودی کابینہ نے ریڈ سی سعودی اتھارٹی کے انتظامی ضوابط کی منظوری دی ہے۔
کابینہ نے بحیرہ احمر میں گھونگوں کی بستیوں اور کچھووں کے تحفظ کے لیے ایک نئے ادارے کے قیام کے ساتھ ایک نئی اتھارٹی کے انتظامی ضوابط کی منظوری دی ہے۔ نئی اتھارٹی کی صدارت وزیرسیاحت احمد الخطیب کریں گے۔
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے اتھارٹی کی منظوری پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و نائب وزیراعظم و وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزیر سیاحت احمد الخطیب نے امید ظاہر کی کہ’ ریڈ سی سعودی اتھارٹی بحیرہ احمر کے ساحل پر جہاز رانی کی سرگرمیوں میں کلیدی کردار ادا کرنے کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ میں بھی تعاون کرے گی‘۔
سعودی وزیر سیاحت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ’سعودی ریڈ سی اتھارٹی مملکت کی سکیموں پر عملدرآمد میں کلیدی کردار اداکرے گی اور سعودی شہریوں کو روزگار کی فراہمی میں سرگرمی سے حصہ لے گی۔ 2030 تک اندرون ملک اور بیرونی دنیا سے 100 ملین تک سیاح مملکت تک لانے میں کامیابی حاصل کر لے گی ۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بحیرہ احمر کا ساحل ترقیاتی اتھارٹی کے پلان میں اہم ہے۔ یہ ساحل کئی برِ اعظموں کے درمیان اسٹراٹیجک محلِ وقوع رکھتا ہے اور 1760کلو میٹر تک پھیلا ہوا ہے۔ یہاں سمندری سیاحت اور سورج کی دھوپ سے لطف اٹھانے والی سیاحت کے بڑے امکانات ہیں‘۔
علاوہ ازیں بحیرہ احمر ثقافتی عناصر کے حوالے سے بھی مالا مال ہے۔