مملکت کو ’لیگ آف اینٹی کرپشن باڈیز‘ کا ایگزیکٹو ممبر منتخب کرلیا گیا
جمعرات 6 فروری 2025 21:00
انسداد بدعنوانی کے حوالے سے عالمی سطح پر مملکت کی خدمات کو سراہا گیا(فوٹو،ایس پی اے)
انسداد بدعنوانی کے حوالے سے سعودی عرب کی مثالی کاوشوں کے اعتراف میں مملکت کو ’لیگ آف اینٹی کرپشن باڈیز‘ کا ایگزیکٹو ممبر منتخب کرلیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف اینٹی کرپشن ایجنسیز (آئی اے اے سی اے) کے 14 ویں اجلاس میں سعودی عرب کو انسداد بدعنوانی کمیٹی کا رکن منتخب کرنے کا اعلان کیا گیا۔
سعودی عرب کی انسداد بدعنوان اتھارٹی کے چیئرمین مازن ابراھیم الکھموس کوایسوسی ایشن کی مشترکہ رابطہ کمیٹی کے رکن کے طورپر بھی منتخب کرنےکا اعلان کیاگیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے الکھموس نے بین الاقوامی تعاون و شفافیت کو فروغ دینے کے حوالے سے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف اینٹی کرپشن اتھارٹیز کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی سے نمٹنے کے لیے ممالک اور اداروں کے مابین علم ، تجربے اور مہارتوں کے تبادلے اہم ہوتے ہیں جن سے مسائل کے حل میں کافی مدد ملتی ہے۔
انہوں نے کہا سعودی عرب رکن ممالک اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کربین الاقوامی ایسوسی ایشن آف اینٹی کرپشن اتھارٹیز کے اہداف کے حصول کے لیے موثر کردار ادا کرے گا۔
واضح رہے ’آئی اے اے سی اے‘ ایک آزاد و غیرسیاسی تنظیم ہے جس کے دنیا بھر میں 180 سے زائد ارکین ہیں جو مختلف ممالک میں انسداد بدعنوانی کے حوالے سے کام کرتے ہیں۔