ریاض ( ذکاءاللہ محسن)مضبوط قوم کی تیاری میں اساتذہ کا کردار کلیدی ہے۔ استاذ کی تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی کے مدارج ترقی نہیں کرسکتی۔ یہ بات معروف مقرر اور بزم ریاض کے صدر تصدق گیلانی نے پاکستان انٹر نیشنل اسکول ناصریہ کے تربیتی نشست میں اساتذہ سے مخاطب کرتے ہوئے کہی۔وہ ا سکول کے زیرِ انتظام اساتذہ کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لئے تربیتی سیمینارکے مرکزی مقرر تھے۔انہوں نے اساتذہ کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے حوالے سے ادارے کے کالج سیکشن کے اساتذہ کے ساتھ ایک تربیتی نشست منعقد کی جس میں اساتذہ کرام کو طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت کے اہم ترین پہلوؤں کے حوالے سے مفید مشورے اور معلومات مہیا کیں۔ تصدق گیلانی کا کہنا تھا کہ طلبہ کے لئے اساتذہ رول ماڈل ہیں۔ طلبہ اپنے اساتذہ سے سیکھتے ہیں اور ان کی پیروی کرتے ہیں لہذا قابل ترین اساتذہ ہی مضبوط قوم کی بنیاد ہیں۔پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے پرنسپل طاہر رضا، وائس پرنسپل گوہر رفیق ، کوآرڈینیٹر قریشی اور دیگر اساتذہ نے تربیتی نشست کو بے حد سراہا۔ اساتذہ کا کہنا تھا کہ اس قسم کی تربیتی نشستوں کا انعقاد ہوتے رہنا چاہئے ۔ تصدق گیلانی نے اس بات کا یقین دلایا کہ وہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیںگے۔