وہاڑی میں قائداعظم کے مجسمے سے عینک چوری، ’یہ بھی پہلی بار ہو رہا ہے‘
قائداعظم کے مجسمے کی شیئر کی گئی تصاویر میں عینک غائب دکھائی گئی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر وہاڑی میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں نصب بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مجسمے سے عینک چوری کر لی گئی۔
وہاڑی کی ضلعی انتظامیہ سے منسوب ٹویٹس میں بتایا گیا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کا مجسمہ ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں نصب ہے جہاں اس پر لگائی گئی عینک نامعلوم چور لے اڑے ہیں۔
واقعہ کی اطلاع شیئر کرنے والوں کا دعوی ہے کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے چور یا چوروں کی نشاندہی کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پنجاب حکومت کے محکمہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قائد اعظم کے مجسمے سے عینک چوری کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ملتان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
’وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ قائداعظم جیسی عظیم ہستی کے مجسمے سے عینک چوری کرنا انتہائی افسوس ناک فعل ہے۔
وزیراعلیٰ نے واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ قائد اعظم کے مجسمے پر فوری طور پر عینک لگائی جائے۔
اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وہاڑی پولیس کے ترجمان مبین کا کہنا تھا کہ وہ چیک کر لیتے ہیں کہ ایسا کوئی واقعہ پیش آیا ہے یا نہیں اور اگر ہوا ہے تو اس سلسلے میں کیا کارروائی ہوئی ہے۔
البتہ سوشل ٹائم لائنز پر پولیس سے منسوب جملوں میں واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گزشتہ شب پیش آنے والے واقعہ میں ملوث فرد/افراد کی نشاندہی کے لیے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں نصب کیمروں کی مدد لی جا رہی ہے۔
مختلف صارفین نے واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ایسا ہونے پر حیرت کا اظہار کیا۔
زبیر خان بلوچ نامی ٹویپ نے لکھا ’حد ہو گئی یار یعنی کمال ہے‘ لکھا تو ساتھ واقعہ کی تفصیل بھی شیئر کیں۔
عدیل حسنین نامی صارف نے ماضی میں اسی معاملے سے ملتے جلتے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہاکی سٹار سمیع اللہ کے بہاولپور میں لگے مجسمہ سے ہاکی چوری کے بعد وہاڑی میں قائداعظم کے مجسمے سے عینک چوری، یہ بھی پہلی بار ہو رہا ہے۔‘
رکن قومی اسمبلی اور ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’قائداعظم کا پاکستان چوری ہو چکا ہے آپ قائداعظم کی عینک کی چوری کی بات کر رہے ہیں۔‘