سعودی پیکج سے معیشت میں بہتری آئے گی: مشیر خزانہ
جمعہ 10 دسمبر 2021 18:58
وسیم عباسی -اردو نیوز، اسلام آباد
پاکستان کے مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کا پیکج ملنے سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
اسلام آباد میں اردو نیوز سے خصوصی انٹرویو میں شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب سے پاکستان کی بہت مضبوط دوستی اور بھائی چارہ ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے سٹیٹ بینک میں تین ارب ڈالر کے ذخائر جمع کروانے سے ملکی معیشت میں اعتماد اور استحکام آئے گا۔‘
’دیکھیں جی بہتری تو آئے گی ایک تو اعتماد آجاتا ہے کہ آپ کے پاس ڈالر پڑے ہیں، پہلے جب 2018 میں درآمدات بڑھی تھیں اور تجارتی خسارہ بڑھا تھا تو اس وقت ڈالروں کے ذخائر میں کمی ہو رہی تھی، اب یہ کمی نہیں ہو رہی اور جب یہ ہوتا ہے تو لوگوں میں اعتماد آتا ہے کہ ابھی پیسے پڑے ہوئے ہیں۔‘
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کی طرف سے فراہم کی گئی رقم کو ملا کر اب پاکستان کے سٹیٹ بینک میں بیس اکیس ارب ڈالر کے ذخائر موجود ہیں اور یہ رقم پاکستان کی درآمدات کے تین چار ماہ کے برابر ہے۔‘
’اگر تین ماہ کی درآمدات کے برابر رقم موجود ہو تو ملک میں استحکام ہوتا ہے تو ہماری اس سے زیادہ ہی ہیں۔‘
سعودی عرب سے ایک ارب بیس کروڑ ڈالر کی موخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ’اس وقت تیل کی قیمتیں زیادہ ہیں تو انہوں (سعودی عرب) نے موخر ادائیگی پر 10 کروڑ ڈالر تیل فراہم کرنے کی سہولت بھی دی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ (تین ارب ڈالر کی) رقم بھی جمع کروائی ہے تو یہ بڑے مثبت نتائج لائے گی ہماری معیشت کے لیے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ سعودی عرب نے پاکستان کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر تک تیل مصنوعات کی موخر ادائیگی پر فراہمی اور پاکستان کے سرکاری بینک میں تین ارب ڈالرز جمع کروانے کا اعلان کیا تھا۔