سعودی قیادت کی طرف سے امیرِ کویت کو تعزیتی پیغام
سعودی قیادت نے شیخ دعیج العبد اللہ الخلیفہ الصباح کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ( فوٹو: سبق)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے شیخ دعیج العبد اللہ الخلیفہ الصباح کی وفات پر امیرِ کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح سے تعزیت کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق امیر کویت کو ارسال کیے جانے والے تعزیتی مکتوب میں شاہ سلمان نے کہا ہے کہ ’ہمیں شیخ دعیج کی وفات کی خبر پر انتہائی دکھ اور صدمہ ہوا ہے‘۔
’ہم آپ سے اور متوفی کے لواحقین سے دلی ہمدردی کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی متوفی کے درجات بلند فرمائے‘۔
دوسری طرف اسی طرح کا مکتوب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے بھی امیر کویت کو ارسال کیا گیا ہے۔
ولی عہد نے اپنے مکتوب میں کہا ہے کہ ’ہمیں شیخ دعیج کی وفات کی اندوہ ناک خبر ملی ہے‘۔
’ہم آپ سے، کویت کے شاہی خاندان اور متوفی کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں‘۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ ’اللہ تعالی کے حضور دعا کرتے ہیں کہ متوفی کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے‘۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اسی طرح کا مکتوب کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کو بھی ارسال کیا ہے۔