Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ویکسین مہم، ’اب سفر کرنے والے تمام افراد کو چیک کیا جائے گا‘

حالیہ مہینوں میں پاکستان میں کورونا کیسز میں واضح کمی ہوئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی حکام نے ٹرانسپورٹ میں کورونا ویکسینیشن کو یقینی بنانے کے لیے نئی مہم شروع کی ہے جو 18 دسمبر تک جاری رہے گی۔
اتوار کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’شہر میں یا شہر سے باہر جانے والی تمام ٹرانسپورٹ کو داخلی اور خارجی راستوں پر چیک کیا جائے گا جس میں بس سٹینڈ، ٹول پلازے، انٹر چینجز اور موٹرویز یا ہائی ویز پر صوبائی سرحدیں شامل ہیں۔‘
حالیہ مہینوں میں پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں واضح کمی ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کیسز میں ویکسینیشن مہم کے باعث کمی ہوئی ہے۔ پاکستان میں تقریباً 13 کروڑ افراد ویکسین کی کم سے کم ایک خوراک لگوا چکے ہیں۔
پاکستان میں اب تک کورونا انفیکشن کے 12 لاکھ 89 کیسز سامنے آئے ہیں اور 28 ہزار 830 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
این سی او سی کے بیان میں کیا گیا ہے کہ ’صرف ویکسین شدہ افراد اور ایسے افراد کو سفر کی اجازت ہوگی جنہیں خصوصی طور پر استثنیٰ دیا گیا ہے۔‘
این سی او سی کے مطابق موبائل ویکسینیشن ٹیمز موقعے پر ڈرائیوروں اور مسافروں کو ویکسین لگائیں گی۔
دوسری جانب قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے تین مشتبہ کیسز کے نمونوں کا رزلٹ پیر تک سامنے آئے گا۔
اس سے قبل پاکستانی حکام کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ ملک میں اومی کرون کا پہلا کیس کراچی میں رپورٹ ہوا ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں 46 ہزار ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے صرف 288 مثبت آئے۔

شیئر: