Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب فلم سازی کا عالمی مرکز بننے کے لیے تیار

بحیرہ احمر فلم فیسٹیول کے دوران ترغیبی پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا گیا۔ فوٹو اے ایف پی
سعودی عرب کے فلم کمیشن نے ایک ترغیبی پروگرام کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے مقامی اور بین الاقوامی پروڈکشن کمپنیوں کو مملکت میں فلمیں بنانے پر مدد فراہم کی جائے گی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جدہ میں ہونے والے پہلے بحیرہ احمر عالمی فلم فیسٹیول کے موقع پر اس ترغیبی پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا گیا تاکہ سعودی عرب میں فلموں کی شوٹنگ کے لیے پروڈکشن کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور فلموں کی شوٹنگ مملکت میں کرنے کی ترغیب دی جائے۔
سعودی فلم کمیشن کی جانب سے کیا گیا یہ اعلان اس کے پانچ اہم نکات اور سٹریٹیجک اقدامات کا حصہ ہے تاکہ فلم پروڈکشن کے لیے سعودی عرب کو ایک عالمی مقام کے طور پر دکھایا جائے۔
فلم کمیشن کی کوشش ہے کہ اس اقدام کے ذریعے فلم انڈسٹری میں کام کرنے کے خواہش مند افراد کو پلیٹ فارم فراہم کیا جائے جہاں ان کو ٹریننگ دی جائے تاکہ وہ اس صنعت میں ترقی کر سکیں۔ متعلقہ افراد کی نوکری کے دوران مقامی اور بین الاقوامی سطح پر تربیت بھی دی جائے گی جس سے مقامی فلم انڈسٹری میں مستقل نوکریاں پیدا ہو سکیں گی۔
مقامی اور بین الاقوامی سطح پر فلموں کی پروڈکشن کے لیے سعودی عرب کو مرکزی مقام بنانے اور ترغیبی پروگرام کے ذریعے نوکریوں کے مواقع  پیدا ہونے کے علاوہ مملکت میں دلکش مقامت کی نشاندہی کی جا سکے گی جس سے مقامی فلم عملے کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
سعودی فلم کمیشن تمام پروڈکشن منصوبوں کے اخراجات خود اٹھائے گا جن میں پروڈیوسرز، ہدایتکاروں، اداکاروں، سکرین رائٹرز، عملے اورساز و سامان کے اخراجات بھی شامل ہیں۔

جدہ کی ایک یونیورسٹی میں فلم پروڈکشن کی تعلیم دی جا رہی ہے (فوٹو: روئٹرز)

عالمی سطح پر فلم انڈسٹری کو ملنے والی مراعات سے متعلق تحقیق کے بعد سعودی فلم کمیشن نے ان تمام سہولیات کا اعلان کیا ہے۔
بحیرہ احمر فلم فیسٹیول میں 60 ملکوں سے 138 فلمیں دکھائی گئیں جن میں سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے ہنر مند نوجوانوں کی فلمیں بھی شامل تھیں۔
بحیرہ احمر فلم فیسٹیول کے سربراہ محمد الترکی نے تقریب کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیا جہاں سعودی اور عرب نوجوانوں کا اپنا کام دکھانے کا موقع ملا اور سعودی عرب کی ابھرتی ہوئی فلم انڈسٹری کی ترقی کی حمایت بھی کی۔

شیئر: