کورونا کیسز تین سو سے تجاوز کرگئے، ایک ہلاکت کی تصدیق
کورونا کیسز تین سو سے تجاوز کرگئے، ایک ہلاکت کی تصدیق
جمعہ 24 دسمبر 2021 17:09
کورونا سے بچاو کےلیے بوسٹرڈوز لگانے کا سلسلہ جاری ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں کورونا وائرس میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ جمعہ کے روز کووڈ 19 کے کیسز تین سو سے تجاوزکرگئے۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں مملکت کے مختلف ریجنز میں کورونا کے مزید 332 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ اس مرض میں مبتلا ایک شخص ہلاک ہوا۔
کورونا کے نئے کیسز کی تصدیق ہونے کے بعد اب تک یہ مصدقہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 52 ہزار 81 تک پہنچ گئی۔ وزارت صحت کا مزید کہنا تھا کہ ایک ہی روز 121 افراد کورونا وائرس سے صحتیاب ہوئے۔
مملکت کے مختلف ریجنز میں کورونا سے اب تک صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 40 ہزار 627 ہو گئی ہے۔ کورونا سے صحتیابی کی رفتار میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
سعودی عرب میں کورونا ہونے والی مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 8 ہزار 869 تک پہنچ گئی۔ وزارت کی اطلاع کے مطابق مملکت کے مختلف ریجنز میں کورونا کے زیر علاج مریضوں میں سے 36 کی حالت نازک ہے جنہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وہ افراد جنہوں نے ویکسین کی دوسری خوراک لگوا لی ہے اور انہیں 6 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے وہ بوسٹرڈوز لگا لیں۔
کورونا سے بچاو کےلیے بوسٹرڈوز لگانے کےلیے ’توکلنا‘ اور’صحتی‘ ایپس پراپائنٹمنٹ لینے کا آپشن موجود ہے۔ بوسٹر ڈوز کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ ویکسین کی یہ خوراک انسانی جسم میں وائرس کی نئی شکل ’اومی کرون‘ کے خلاف قوت مدافعت میں اضافہ کرتی ہے جس سے جسم اس وائرس کے خلاف بہتر انداز میں نمٹنے کی صلاحیت کا حامل ہوجاتاہے۔