مصر میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری خدمات سے محروم رہیں گے
مصر میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری خدمات سے محروم رہیں گے
پیر 27 دسمبر 2021 19:35
وزارت صحت کے فیصلے کا اطلاق 18 سال سے زائد عمر افراد پر ہوگا۔ (فوٹو عرب نیوز)
مصر کی وزارت صحت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ملک میں رہنے والےتمام بالغ افراد کو کورونا ویکسین کی خوراک ہر صورت میں لینا ہوگی ورنہ انہیں صحت اور تعلیم کے میدان میں خدمات کے حق سے محروم ہونا پڑے گا۔
عرب نیوز کے مطابق مصر کی وزارت صحت کے ترجمان حسام عبدالغفار نے بتایا ہے کہ حکومت کے اس فیصلے کا اطلاق 18 سال سے زائد عمرکے تمام شہریوں پر ہو گا۔
قبل ازیں مصر کے تمام سرکاری محکموں میں ملازمین کو اپنے دفاتر میں جانے سے روک دیا گیا تھا اور انہیں کہا گیا تھا کہ کورونا ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لینے والے ہی دفاتر میں داخل ہو سکتے ہیں۔
مصر میں قائم یونیورسٹیوں کی سپریم کونسل نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کورونا ویکسین کی خوراک نہ لینے والے سٹوڈنٹس کو کسی بھی قسم کا امتحان دینے کے لیے یونیورسٹی کے کیمپس میں داخلے سے روک دیا جائے گا۔
سپریم کونسل کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ایسے افراد جنہیں طبی بنیادوں پر کورونا ویکسین سے استثنیٰ دیا گیا ہے ان کے لیے لازم ہے کہ ہر تین دن بعد پی سی آر ٹیسٹ کرائیں اور اس کی منفی رپورٹ فراہم کریں۔
وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کورونا ویکسین کی 118 ملین ڈوز کا انتظام ہے جب کہ ابھی 55 ملین افراد کو ویکسین لگائی گئی ہے۔
محکمہ صحت نے خبر دی ہے کہ گذشتہ روز اتوار کو مصر میں کورونا کے823 نئے کیسز ریکارڈ کئے گئے جب کہ 37 اموات ہوئی ہیں۔ جس کے بعد کورونا سے متاثرین کی کل تعداد 3 لاکھ 81 ہزار343 ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ 21ہزار 608 افراد اس وائرس کے باعث موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔