غیرملکیوں نے رواں برس 142 ارب ریال سے زائد رقم بھجوائی
جمعرات 30 دسمبر 2021 22:00
سعودی سینٹرل بینک نے کہا ہے کہ مملکت میں مقیم تارکین وطن نے بینکوں کے منافع سے3 گنا زیادہ ترسیل زر کا نیا ریکارڈ قائم کردیا-
الوطن اخبار کے مطابق سال رواں کے ابتدائی گیارہ ماہ کے دوران تارکین نے 142 ارب ریال سے زیادہ رقوم ارسال کیں جو مذکورہ مدت کے دوران مملکت کے 10 بینکوں کے مجموعی منافع سے 3 گنا زیادہ ہے-
ساما نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ تارکین نے سال رواں کے ابتدائی گیارہ ماہ کے دوران سالانہ کی بنیاد پر 4.76 فیصد زیادہ ترسیل زر کی جبکہ گزشتہ برس کے ابتدائی گیارہ ماہ کے مقابلے میں انہوں نے 6.495 ارب ریال زیادہ بھجوائے-
2020 میں 136.269 ارب ریال بھجوائے تھے جبکہ سال رواں کے ابتدائی گیارہ ماہ کے دوران 142.764 ارب ریال بھجوائے-
نومبر 2021 کے دوران ترسیل زر میں سالانہ کی بنیاد پر 0.8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا-12.970 ارب ریال بھجوائے- جبکہ 2020 کے ماہ نومبر میں تارکین نے 12.864 ارب ریال بھجوائے تھے-