عمرہ پرمٹ 10 دن کے وقفے سے جاری ہوگا
عمرہ پرمٹ کا حصول انتہائی آسان ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ایک عمرے کے فورا بعد دوسرے عمرے کی سہولت ختم کردی گئی- آئندہ ایک عمرے سے فارغ ہوتے ہی دوسرے عمرے کا اجازت نامہ جاری نہیں کیاجائے گا-
یہ فیصلہ مملکت میں کورونا کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ وزارت کے فیصلے کے مطابق ایک عمرے سے دوسرے کے درمیان10 روز کا وقفہ ضروری قرار دیدیا گیا ہے-
عربی جریدے ’عکاظ‘ کے مطابق وزارت حج کا کہنا ہے کہ ایک عمرے سے دوسرے عمرے کے درمیان10 روز کے وقفے کا فیصلہ صرف اور صرف کورونا وائرس سے بچاؤ کی خاطر کیا جارہا ہے-
فیصلے کا مقصد عمرہ زائرین کے درمیان فاصلے کے اصول پرعمل درآمد کویقینی بنانا ہے تاکہ زائرین کو وائرس سے محفوط رکھا جاسکے۔
وزارت نے عمرہ زائرین سے مزید کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچاو کےلیے مقررہ ضوابط کی سختی سے پابندی کریں حرمین شریفین میں ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں اورعمرہ پرمٹ کی پابندی ہرحال میں کی جائے۔
واضح رہے عمرہ پرمٹ کے اجرا کے طریقہ کار کو مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔ پرمٹ جاری کرانے کےلیے توکلنا اور اعتمرنا ایپس کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
پرمٹ حاصل کرنے سے قبل انتظامیہ کی جانب سے توکلنا اور اعتمرنا ایپ پرایک ماہ کا شیڈول جاری کیاجاتا ہے جس کے ذریعے پرمٹ حاصل کرنے کے خواہشمند کے لیے دن اور وقت متعین کرنے کی سہولت موجود ہے ساتھ ہی عمرہ زائر پرمٹ حاصل کرنے کے دوران مختلف رنگوں کے ذریعے حرم شریف میں اس دن اور وقت لوگوں کی تعداد کے بارے میں وضاحت معلومات حاصل کرسکتا ہے جس سے یہ سہولت ہوتی ہے کہ ازدحام والےوقت کے علاوہ ایسے وقت کے انتخاب کی سہولت ہوتی ہے جب حرم شریف میں عمرہ زائرین کا ازدحام نہ ہو