کورونا کیسز میں اضافہ، ریاض کے متعدد سکول آن لائن
وزارت تعلیم کا آن لائن ’مدرستی‘ پروگرام کامیاب رہا(فوٹو، ٹوئٹر)
ریاض میں کورونا کیسزمیں غیر معمولی اضافے کے باعث متعدد سکول بند کرکے آن لائن تعلیم کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سکولوں کے پرنسپلز نے صوابدیدی اختیارات استعمال کرتے ہوئے سکول بند کرنے اور تعلیم آن لائن شروع کرنے کا فیصلہ اپنے طور پر کیا ہے-
وزارت تعلیم تمام پرنسپلز کو اس حوالے سے یہ اختیار دیے ہوئے ہے کہ اگر کسی سکول میں توجہ طلب حد تک کورونا وائرس کے کیسز ریکارڈ پر آجائیں تو ایسی صورت میں پرنسپل، طلبہ و طالبات، اساتذہ و استانیوں اور سکول عملے کی صحت و سلامتی کی خاطر آن لائن تعلیم کا فیصلہ کرسکتے ہیں-
واضح رہے کورونا وائرس کی وجہ سے وزارت تعلیم نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے آن لائن ایجوکیشن کےلیے ’مدرستی‘ کے عنوان سے پروگرام شروع کیا تھا جو کافی کامیاب رہا۔