Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تلاش کی ’جارحانہ‘ مہم، سعودی معدنی دولت 13 کھرب ڈالرز سے بڑھنے کی توقع

سعودی جیولوجیکل سروے کے سربراہ نے بتایا کہ مستقبل رینیوایبل یا تجدید پذیر توانائی کا ہے۔ فائل فوٹو: ایس جی ایس
سعودی جیولوجیکل سروے (ایس جی ایس) کے سربراہ عبداللہ بن مفتر الشرمانی نے کہا ہے کہ اگلے تین برسوں کے دوران مملکت میں معدنیات کی تلاش کے لیے مختص رقم تین گنا بڑھانے کے منصوبے کی وجہ سے سعود ی عرب کی منرل دولت 13 کھرب ڈالر کے تخمینے سے بڑھنے کی توقع ہے۔
زیر زمین موجود معدنیات کا تخمینہ لگانے والے سعودی ادارے کے سربراہ نے عرب نیوز کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’جیسا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، یہ توقع ہے کہ ان معدنیات کی طلب میں اضافے کو دیکھتے ہوئے ان کی قیمتیں بھی بڑھیں گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اگلے دو سے تین برس میں فی مربع میٹر پر ایکسپلوریشن کے اخراجات تین گنا بڑھا کر 220 ریال کرنے کا عزم ہے۔
الشرمانی نے کہا کہ رقم میں اضافے سے مائننگ سیکٹر کو اپنے اہداف تیزی سے حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور اس سے نئے مقامات کی تلاش میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب زیر زمین معدنیات کی ایکسپلوریشن کے لیے ’جارحانہ‘ طور پر آگے بڑھ رہا ہے۔
سعودی جیولوجیکل سروے کے سربراہ کے مطابق مملکت میں مائننگ یا کان کنی کے مقامات ساڑھے پانچ ہزار سے بڑھ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مملکت خام مال کی عالمی سپلائی چین کا حصہ بننا چاہتا ہے جس کے ذریعے تجدید پذیر توانائی سمیت کئی دیگر پراڈکٹس کی تیاری کے لیے انڈسٹریوں کی مدد کی جا سکے۔
مملکت اب اس حوالے سے پُرعزم ہے کہ تمام ان وسائل کو عالمی سرمایہ کاروں کی مدد سے ڈویلپ کیا جائے جن کو مزید ڈیٹا کی ضرورت ہوگی۔
سعودی جیولوجیکل سروے نے اس مقصد کے لیے ایک بڑا ڈیٹا بیس بنایا ہے۔

ایس جی ایس کے سربراہ کے مطابق سعودی عرب میں تجدید پذیر توانائی کے حصول میں استعمال ہونے والی معدنیات موجود ہیں۔ فوٹو: ایس جی ایس

جب ان سے سعودی عرب میں پراسیس کیے جانے والی اہم معدنیات کے بارے میں پوچھا گیا تو الشرمانی نے بتایا کہ ’ہم کوبالٹ، لیتھیم، ٹیٹانیم، ریئر ارتھ کی بات کر رہے ہیں، اگر ان کو بہتر طور پر استعمال کیا جائے تو یہ زیادہ پائیدار مستقبل کی ضامن ہوں گی۔‘
انہوں نے بتایا کہ مستقبل رینیوایبل یا تجدید پذیر توانائی کا ہے اور اچھی چیز یہ ہے کہ سعودی عرب میں یہ تمام معدنیات موجود ہیں۔
سعودی جیولوجیکل سروے کے سربراہ کے مطابق یہ معدنیات دنیا کی ماحولیاتی آلودگی سے پاک توانائی کی جانب سفر میں نہایت اہمیت رکھتی ہیں۔

شیئر: