Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نامناسب ’مذاق‘ پر اداکار سدھارت کی بیڈمنٹن سٹار سائنا نیہوال سے معذرت

سائنا نیہوال کا کہنا ہے کہ انہیں سدھارت کے معافی مانگنے پر خوشی ہوئی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین ادکار سدھارت نے اپنی ایک نامناسب ٹویٹ پر بیڈمنٹن سٹار سائنا نیہوال سے معافی مانگ لی ہے۔
اکتیس سالہ سائنا نیہوال بیڈمنٹن میں ورلڈ نمبر ون بھی رہ چکی ہیں اور ٹوئٹر پر اکثر انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی حمایت کرتے ہوئے نظر آتی ہیں۔
سائنا کی ایک ایسی ہی ٹویٹ پر اداکار سدھارت نے غیرمناسب اور ذو معنی جواب دیا تھا جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
منگل کی رات کو اپنے ایک بیان میں سدھارت کا کہنا تھا کہ ’ڈیئر سائنا، میں اپنے ایک بدتمیز مذاق جو میں نے کچھ دن پہلے آپ کی ایک ٹویٹ کے جواب میں لکھا تھا پر معافی چاہتا ہوں۔‘
اداکار کا کہنا تھا کہ میں ’میں آپ سے بہت ساری چیزوں پر اتفاق نہیں کرتا لیکن آپ کی ٹویٹس پڑھ کر بھی مجھے آنے والا غصہ یا مایوسی بھی میرے لفظوں یا میرے لہجے کو ایسا کرنے کا جواز نہیں فراہم کرتا۔‘
تاہم معافی نامے میں ان کا اصرار تھا کہ انہوں جو بھی لکھا وہ مزاح کے طور پر لکھا تھا اور ان کا مقصد سائنا کی دال آزاری کرنا نہیں تھا۔
سدھارت کی معافی کے جواب میں سائنا کا کہنا ہے کہ ’وہ اب معافی مانگ رہے ہیں۔ میں خود حیران تھی کہ میں ٹوئٹر پر ٹرینڈ کیوں بن گئی ہوں۔‘
’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق بیڈمنٹن سٹار کا کہنا تھا کہ ’میں نے ان (سدھارت) سے اب تک بات نہیں کی ہے لیکن مجھے خوشی ہے کہ انہوں نے معافی مانگ لی ہے۔‘
’انہیں کسی خاتون کو اس طرح ہدف نہیں بنانا چاہیے تھا لیکن اب ٹھیک ہے مجھے کوئی پریشانی نہیں، میں خوش ہوں اپنی جگہ اور خدا انہیں بھی خوش رکھے۔‘

شیئر: