سعودی عرب کے قصیم ریجن میں ایک تیز رفتار گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر دکان میں جاگھسی۔ حادثے کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
اخبار 24 کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح ایک خاتون حادثے سے بال بال بچ گئی۔
خاتون کریانہ سٹور میں خریداری کے بعد رقم ادا کررہی تھی کہ اچانک گاڑی کا شور اور شیشہ ٹوٹنے کی تیز آواز کے ساتھ ہی ایک لینڈکروزر دکان میں گھس آئی۔
کیشیئر کے پاس کھڑی خاتون گاڑی کی آواز سنتے ہی تیزی سے قریبی دروازے سے نکل گئی۔ خاتون کے نکلتے ہی اسی جگہ جہاں وہ کھڑی تھی وہاں رکھے ہوئے ریکس گرگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع اور ٹریفک پولیس کی ٹیمیں وہاں پہنچ گئیں تاہم حادثے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
حادثے کے نتیجے میں مالی خسارے کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔ ہونے والے تصادم میں گاڑی کو بھی کوئی خاص نقصان نہیں پہنچا البتہ کریانہ اسٹور کافی حد تک تباہ ہوگیا-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں