سعودی عرب میں رہائشی زمین کی قیمتیں 2 سال کی بلند ترین سطح پر
جمعرات 20 جنوری 2022 12:22
تجارتی اور زرعی زمین کی قیمت ایک سال کے مقابلے میں کم ہوئی ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
شماریات کے ادارے کی جانب سے پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں زمینوں کی قیمت میں اضافے کے باعث2021 کی آخری سہ ماہی میں جائیداد کی قیمتوں میں 0.9 فیصد کی سالانہ شرح سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ اضافہ 2020 کی پہلی سہ ماہی کے بعد سے بلند ترین سطح پر دیکھا گیا ہے۔
رہائشی پلاٹوں کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے رئیل سٹیٹ کے ذیلی انڈیکس میں 1.7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
رئیل سٹیٹ کے اس ذیلی انڈیکس میں عمارتوں، بنگلوں، اپارٹمنٹس اور مکانات کے اخراجات شامل ہیں۔
دریں اثنا اعداد وشمارمیں بتایا گیا ہے کہ تجارتی اور زرعی جائیدادوں کی قیمتیں ایک سال پہلے کے مقابلے میں بالترتیب 0.7 فیصد اور 0.2 فیصد کم ہوئی ہیں جس نے مجموعی انڈیکس پر اثرکو متوازن کیا۔
سال گذشتہ کی آخری سہ ماہی کے لحاظ سے مملکت میں رئیل سٹیٹ کی قیمتوں میں مجموعی طور پر0.5 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے جس میں رہائشی جائیدادوں کے سب انڈیکس میں0.7 فیصد اضافہ ہوا۔