ریاض سیزن کے دوران تفریحی سرگرمیاں مکمل کرنے والے چار زونر میں کیا ہوا؟
ریاض سیزن کے دوران تفریحی سرگرمیاں مکمل کرنے والے چار زونر میں کیا ہوا؟
جمعہ 21 جنوری 2022 14:02
ریاض سیزن میں ہر عمر کے افراد کی دلچسپی کی مناسبت سے پروگراموں کا انعقاد کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
ریاض سیزن کے دوران چار مختلف مقامات پر دنیا بھر کے ہزاروں افراد کو تفریح مہیا کرنے والی چند سرگرمیاں کامیابی سے مکمل ہو گئی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق کمبیٹ فیلڈ، السلام ٹری، ریاض سفاری اور اولڈ ویلج نامی زونر نے ہزاروں شائقین کو تفریح بھرے یادگار لمحات فراہم کیے۔
کمبیٹ فیلڈ کا مرحلہ 16 جنوری کو اختتام کو پہنچا جس کے تحت 22 سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ ان میں زومبی ہوٹل وار کی سنسنی خیز گیم، ڈرون زون اور فرضی لڑائیاں بھی شامل تھیں۔
اس دوران ایک میوزیم بھی ترتیب دیا گیا جس نے تاریخ کے مختلف مراحل پر استعمال ہونے والے ہتھیاروں کی نمائش کی۔
ریاض سفاری میں ہر عمر کے افراد کی دلچسپی کے لیے کچھ نا کچھ موجود رہا۔ اسی وجہ سے یہ فیملیز کی خصوصی توجہ کا مرکز رہا۔
اس نے سیاحوں کو موقع دیا کہ وہ قدرت کو قریب سے اور ذاتی طور پر مشاہدہ کر سکیں۔ سفاری میں مختلف اقسام کے 250 پرندے، جنگلی جانور وغیرہ رکھے گئے تھے۔
عاصمہ خالد نامی سیاح کا کہنا تھا وہ اپنے شوہر اور بچوں کے ہمراہ پانچ مرتبہ ریاض سفاری گئیں۔ ان کے مطابق ’یہ ایک زبرست چیز تھی جسے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میری بٹیاں جانوروں کو بہت پسند کرتی ہیں مگر میں ان کو چڑیا گھر لے جانے پر اس لیے پریشان تھی کیونکہ وہاں جانور پنجروں میں ہوتے ہیں۔ اس سفاری نے جانوروں کو قدرتی انداز میں دیکھنے کا موقع دیا، جو میرے لیے اہم بات ہے۔‘
السلام زون کی سرگرمیوں میں سٹیج شو، براہ راست موسیقی، کسان کی مارکیٹ، مصنوعی پھولوں کا باغ، رنگا رنگ طوطے، کھانا پکانے کے براہ راست شو اور شاپنگ بوتھ شامل تھے۔
اس میں چست سیاحوں کے لیے سنسنی خیز زپ لائن کی سرگرمی کے علاوہ بنجی ٹریمپولائنز اور دیگر مختلف قسم کے جھولے بھی تھے۔
اسی طرح یہاں پرسکون ماحول کو پسند کرنے والوں کے لیے سر سبز و شاداب جھیلیں بھی تھیں۔
ریاض سیزن کا دورہ کرنے والی طالبہ حفصہ ایوب کا کہنا ہے کہ السلام ایک ایسی جگہ جہاں میں پڑھنے کے لیے جاتی تھی، وہاں میں کسی درخت کے نیچے پرسکون جگہ تلاش کرتی اور وہاں بیٹھ کر پڑھتی۔‘
دی اولڈ ویلج بھی سیزن کا اہم مقام تھا، جس میں تاریخ اور تفریح کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملتا تھا۔
اس کی بدولت عرب ثقافت کے مختلف ادوار، فن اور ورثہ وغیرہ دیکھنے کو ملا، جن میں 1960 سے 1990 کی دہائیوں کی کلاسک اشیا بھی شامل تھیں۔
ریاض سیزن کے دوران بین الاقوامی الطیب تھیٹر نے 176 مختلف قسم کے پروگرام پیش کیے، ہر روز سٹیج شو براہ راست دکھائے گئے۔ اس نے عرب کی روایتی موسیقی اور کھیلوں کے حوالے سے بھی پروگرام پیش کیے۔
یہ زون ایک طرح سے ماضی میں جانے کا راستہ تھا، جس سے بزرگ شہریوں کو موقع ملا کہ اپنے بچپن اور جوانی کی یادوں کو تازہ کریں۔
ریاض سیزن کے ان چاروں زونز میں جاری تفریحی سرگرمیاں کامیابی سے مکمل ہو چکی ہیں جبکہ دوسرے زونز میں سرگرمیوں کا سلسلہ مارچ تک جاری رہے گا۔