Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 امارات اپنی سرزمین کے دفاع کا قانونی حق رکھتا ہے: انورقرقاش

سلامتی کونسل کا اجلاس بند کمرے میں متوقع ہے(فوٹو،ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات کے صدر کے مشیر انور قرقاش نے کہا ہے کہ ’ان کا ملک اپنی سرزمین اور شہریوں کے دفاع کا قانونی و اخلاقی حق رکھتا ہے۔‘
العربیہ نیٹ کے مطابق اماراتی صدر کے مشیر نے یہ بات ایسے وقت میں کہی جب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں آج (بروز جمعہ) ایک مشاروتی اجلاس منعقد کرنے کی تیاری کی جارہی ہے جس میں حوثیوں کی دہشت گردانہ کارروائیوں پر بحث کی جائے گی۔
اماراتی صدر کے مشیر انور قرقاش نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل برائے یمن کے خصوصی ایلچی ہانس گرنڈ برگ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ امارات حوثی ملیشیا کی دہشت گردانہ کارروائیوں کے خلاف قانونی طور پر اپنے دفاع کا حق استعمال کرے گا۔ انہوں نے اس امر کی بھی وضاحت کی کہ اس سے قبل حوثیوں کی جانب سے جنگ بندی کے تمام مطالبوں کو مسترد کیا جاتا رہا ہے۔
ٹیلی فونک گفتگو میں صدارتی مشیر نے مزید کہا ’حوثیوں کی جانب سے امارات پر حملے اور اماراتی جہاز’روابی‘ کا اغوا و بحری قزاقی کے اعمال اس امر کا واضح ثبوت ہیں کہ حوثی معاملے کا سیاسی حل رد کر چکے ہیں۔‘
انورقرقاش نے مزید کہا کہ ’حوثیوں نے الحدیدہ کی بندرگاہ کو بحری قزاقی کے اڈے میں تبدیل کرتے ہوئے اسے فوجی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔‘
انہوں نے اس امر کا بھی اعلان کیا کہ ان کا ملک اپنی سرزمین کی سلامتی اور اسے دہشت گردی کی کارروائیوں سے دور رکھنے کے لیے ہرممکن اقدام کرے گا۔
دریں اثنا بعض سفارتی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سلامتی کونسل کا اجلاس بند کمرے میں ہوگا۔
اجلاس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے ماہ رواں سلامتی کونسل کے صدرکو ایک خط پیش کیا گیا تھا جس میں حوثیوں کی جانب سے دہشتگردی کی کارروائیوں کے حوالے سے اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
 
 

شیئر: