لاہور میں دھماکہ، جہیز کا بیڈ، موبائل فون مہنگے، مقبول گاڑیوں سمیت پاکستان سے گذشتہ ہفتے کی بڑی خبریں
دھماکوں میں ایک پاکستانی اور دو انڈین شہری ہلاک ہوئے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں ہونے والے دھماکے اور اس سے جانی نقصان سے متعلق خبروں نے جہاں دیگر موضوعات کو پیچھے چھوڑے رکھا وہیں ہفتہ رفتہ میں پاکستانی شہروں سے فلائٹ آپریشن کا آغاز اور متحدہ عرب امارات کے آئل ٹینکرز پر حملے میں ایک پاکستانی اور دو انڈین شہریوں کی ہلاکت نمایاں خبریں رہیں۔
فلائی دبئی اور ایئر بلیو کا کوئٹہ سے فلائٹ آپریشنز کا دوبارہ آغاز
فلائی دبئی اور ایئر بلیو نے کوئٹہ سے اپنے فلائٹ آپریشنز کا دوبارہ آغاز کردیا ہے۔
فلائی دبئی کی فلائٹس 27 نومبر 2021 جبکہ ائیر بلیو کی فلائٹس 20 نومبر 2021 کے بعد پہلی مرتبہ کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ آئیں۔
فلائی دبئی نے تکنیکی اور ائیر بلیو نے آپریشنل وجوہات کی بنا پر اپنے اپنے فلائٹ اپریشنز محدود مدت کے لیے موخر کیے تھے۔
دبئی ایکسپو: خیبرپختونخوا میں 8 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدے
پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کی حکومت نے دبئی ایکسپو کے دوران 8 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے 40 سے زائد معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
دبئی ایکسپو وبائی صورتحال میں اب تک کا سب سے بڑا ایونٹ ہے جو اپریل 2022 تک جاری رہے گا۔ اس پروگرام میں دنیا بھر کے 190 ممالک شریک ہیں۔
ابوظبی حملوں میں شہری کی ہلاکت پر امارات کا پاکستان سے اظہار تعزیت
پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔
بدھ کو پاکستانی وزرات خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ وزارت خارجہ اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں ابوظبی کے شہری علاقوں پر ڈرون حملوں پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔
ابوظبی حملے میں ہلاک ہونے والے پاکستانی کی لاش ورثا کے حوالے
متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانے نے کہا ہے کہ ابوظبی حملوں میں ہلاک ہونے والے پاکستانی کی لاش پاکستان پہنچا دی گئی ہے۔
جمعرات کو پاکستانی سفارت خانے نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’آج لاش پاکستان پہنچی جسے حکومتی عیدیداروں نے ورثا کے حوالے کیا۔‘
اس سے چند روز قبل پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ وہ ابوظبی دھماکے میں پاکستانی شہری کی ہلاکت کے معاملے پر اماراتی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں اور اس ضمن میں مزید تفصیل حاصل کی جا رہی ہے۔
جسٹس عائشہ ملک سپریم کورٹ آف پاکستان کی پہلی خاتون جج تعینات
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس عائشہ ملک کی بطور جج سپریم کورٹ تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
وزرات قانون و انصاف کی جانب سے جمعے کو جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’صدر مملکت نے لاہور ہائی کورٹ کی جج جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ آف پاکستان کا جج تعینات کر دیا ہے اور اس تعیناتی کا اطلاق ان کے حلف اٹھانے کے بعد سے ہو جائے گا۔‘
عثمان مرزا کیس: ’دنیا میں سات چہروں کے لوگ ایک طرح کے ‘
اسلام آباد کے علاقے ای الیون میں ایک لڑکے اور لڑکی کو ہراساں کرنے کے کیس میں متاثرہ لڑکی اور لڑکے نے ایک بار پھر عدالت میں اس واقعے کے متعلق کچھ بھی ماننے سے انکار کیا ہے۔
اس سے قبل متاثرہ لڑکے اور لڑکی نے ملزمان کو پہچاننے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد حکومت نے اس کیس کی پیروی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
مری میں ہلاکتیں، ’بنیادی ذمہ داری وزیراعلیٰ پنجاب کی تھی‘
اسلام آباد ہائیکورٹ نے مری میں برفباری کے دوران ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے دائر درخواست نمٹاتے ہوئے آبزرویشن دی ہے کہ آئندہ ایسے کسی بھی واقعے کی ذمہ داری نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے قانون کے تحت عائد کی جائے گی۔
جمعے کو چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست کی سماعت کی۔
جہیز میں دیا گیا بیڈ ٹوٹنے پر پورا فرنیچر تبدیل کرنے کا حکم
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ایک صارف عدالت نے جہیز میں دیے گئے بیڈ کے ٹوٹنے پر دائر کیے گئے مقدمے میں دکاندار کو پورا فرنیچر تبدیل کرنے کا حکم دیا ہے۔
لاہور کے علاقے ٹاون شپ کے رہائشی جاوید اقبال نے عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کو جہیز میں فرینچر دیا لیکن چند ہی دنوں میں ناقص لکڑی کی وجہ سے بیڈ ٹوٹ گیا۔
کورونا کے ریکارڈ کیسز:اسلام آباد کےسکولوں میں حاضری کم، 15جج متاثر
اسلام آباد ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں میں عدالتوں میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ہو رہے ہیں۔
اسلام آباد کچہری میں کورونا کیسز میں غیر معمولی اضافے سے 15 ججز اور مختلف عدالتوں کے 58 اہلکار اس وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
پی ٹی آئی کا نور عالم خان کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے نکالنے کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کو پارٹی کی جانب سے شو کاز نوٹس جاری ہونے کے بعد پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے نکالنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے تجویز سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دی ہے۔
منگل کو تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں چیف وہیپ عامر ڈور کی جانب سے بھجوائی گئی تجویز میں این اے 27 پشاور سے نور عالم خان کو پبلک اکاؤنٹس سے نکال کر ان کی جگہ این اے دو حیدر علی کو شامل کرنے کا کہا گیا ہے۔
2021: پاکستان میں سب سے زیادہ کون سی گاڑیاں فروخت ہوئیں؟
پچھلے برس 2021 کے آخری چھ ماہ میں پاکستان بھر میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کار سوزوکی آلٹو رہی۔
پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوی ایشن کے مطابق پاکستان میں سال 2021 کے آخری چھ ماہ میں گاڑیوں کی فروخت میں مجموعی طور پر 58 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پریانتھا کمارا کے خاندان کو پاکستانیوں نے کہاں کہاں سے پیسے بھیجے؟
سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق جمعرات کو منعقد ہونے والے اس تعزیتی ریفرنس میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے افراد نے شرکت کی۔
پاکستان کے کابینہ اراکین جن کے پاس وزارت نہیں پھر بھی لگژری گاڑیاں
پاکستان کی قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ ڈویژن میں پیش کی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ کابینہ میں شامل 11 مشیران اور معاونین خصوصی ایسے ہیں, جن کے پاس کسی وزارت کا قلمدان نہیں ہے تاہم انہیں کابینہ ڈویژن نے 1800 سی سی گاڑیاں دے رکھی ہیں۔
ایلون مسک کی انٹرنیٹ کمپنی سٹار لنک کو پاکستان میں بھی مشکلات کا سامنا
پاکستان میں انٹرنیٹ کے نگراں ادارے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سٹار لنک کی سبسکریپشن نہ لیں۔
وام کے نام ایک مراسلے میں اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’سیٹلائیٹ براڈ بینڈ مہیا کرنے والے ادارے سٹار لنک نے پاکستان میں خدمات مہیا کرنے کے لیے نہ تو کوئی لائسنس لیا ہے اور نہ ہی اس کے لیے کوئی درخواست جمع کروائی ہے۔‘