جدہ میں پاکستان سمیت 7 ممالک کے ملبوسات اور پکوانوں کی نمائش
نمائش دو دن جاری رہے گی- (فوٹو سبق)
پاکستان سمیت 7 برادر اور دوست ممالک جدہ کے محمدیہ کمیونٹی سینٹر میں کھانوں اور ملبوسات کی نمائش کررہے ہیں-
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب، مراکش، ترکی، اردن، پاکستان، ایتھوپیا اورجنوبی افریقہ نے المحمدیہ ماڈل سینٹر میں ’جادۃ الشعوب‘ کے نام سے خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا ہے- یہ دو روز تک جاری رہے گا- المحمدیہ جدہ کے نئے محلوں میں سے ایک ہے-
نمائش میں محلے کے باشندے پیش پیش ہیں- ان میں سعودی شہری اور مقیم غیرملکی شامل ہیں- مقصد ملبوسات اور پکوانوں کے سلسلے میں ساتوں ملکوں کے تجربات اور معلومات کا تبادلہ ہے- علاوہ ازیں گزشتہ برسوں کے دوران اہل جدہ کے درمیان پیار محبت کی خاص فضا قائم ہوئی ہے- اس فضا کو نئی جہت دینا ہے-
المحمدیہ سینٹر کی مجلس انتظامیہ کی ڈپٹی چیئرپرسن سلوی داعوس نے بتایا کہ پروگرام جدہ میں بہار کے موسم سے ہم آہنگ ہے- مملکت کے دیگر شہروں کے مقابلے میں موسم سرما کے دوران جدہ کا موسم بڑا خوشگوار ہوجاتا ہے- یہاں زیادہ سردی نہیں پڑتی- موسم بہار کا لطف دیتا ہے-
نمائش کے دوران شریک ممالک کے کلچر کا تعارف کرایا جارہا ہے- ہر ملک نے اپنے یہاں کے مشہور کھانوں اور ملبوسات کو متعارف کرانے کے لیے سٹال لگائے ہیں- نمائش میں داخلے کی کوئی فیس نہیں- آج اور کل شام پانچ بجے سے رات گیارہ بجے تک پروگرام ہوگا-
سلوی داعوس نے بتایا کہ نمائش میں ہر ملک کے عروسی ملبوسات، شادی کے رسم و رواج اور رخصتی کے وقت شور شرابے کے ماحول کو نمایاں کیا جارہا ہے- نمائش میں خصوصا المحمدیہ محلے اور عموما جدہ شہر کے دیگر محلوں کی خواتین شرکت کررہی ہیں-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں