Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ ریجن میں تین صدی قدیم ’مسجد الجبیل‘ کی تعمیر نو کا کام مکمل

مملکت کے مختلف علاقوں میں 30 مساجد کی تعمیر نو کی جائے گی (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ ریجن میں طائف کمشنری کے جنوب میں واقع مرکز ثقیف کی تین صدی قدیم ’مسجد الجبیل‘ کی تعمیر نو کا کام مکمل کرلیا گیا۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے منصوبے برائے تعمیر و تزئین قدیم مساجد کے دوسرے مرحلے میں مملکت کے مختلف علاقوں میں موجود قدیم مساجد کی تعمیرِ نو کا کام تیزی سے جاری ہے۔
منصوبے کے تحت  قدیم مساجد کو ان کی اصل شناخت برقرار رکھتے ہوئے تعمیر کیا جاتا ہے تاکہ ماضی سے تعلق برقرار رہے۔
مسجد الجبیل کی پہلی تعمیر 300 برس قبل ہوئی تھی۔ اس وقت کی تعمیر میں علاقے کے پتھر اور مٹی کا استعمال کیا گیا تھا جبکہ مسجد کے دریچے اور چھتیں لکڑی سے بنائے گئے تھے۔


مسجد کی تعمیر نو میں ’السروات‘ پہاڑ کے پتھروں کا استعمال کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

مسجد کا مجموعی رقبہ 310 مربع میٹر ہے جس میں 45 افراد کے بیک وقت نماز ادا کرنے کی گنجائش ہے۔
مسجد کی تعمیر نو میں ’السروات‘ پہاڑ کے پتھروں کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ چھت اور ستونوں کے لیے علاقے کے درختوں کے تنوں کو اسی طرح نصب کیا ہے جس طرح وہ روز اول بنائے گئے تھے۔
مسجد کی تعمیر نو میں مختلف مقامات پر گرنیڈ پتھروں کا بھی استعمال کیا گیا جبکہ عصرِ حاضر میں رائج اشیا بھی مسجد کی تزئین کے لیے لگائی گئی ہیں جن سے اس قدیم و تاریخی مسجد کا حسن دوبالا ہوگیا۔
واضح رہے ولی عہد کے منصوبے کے دوسرے مرحلے میں مملکت کے مختلف علاقوں میں 30 مساجد کی تعمیر نو کی جائے گی جن میں ریاض، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، عسیر، مشرقی ریجن، الجوف ، جازان ، شمالی حدود، تبوک، الباحہ، نجران، حائل اور قصیم شامل ہیں۔

 

شیئر: