سجاوٹ کے شوق نے سعودی خاتون کو فیکٹری مالکن بنا دیا
سجاوٹ کے شوق نے سعودی خاتون کو فیکٹری مالکن بنا دیا
ہفتہ 22 جنوری 2022 23:50
شوق کی تکمیل کے لیے ہرقسم کی مشکلات کا مقابلہ کیا(فوٹو، ٹوئٹر)
گھریلو سجاوٹ کے شوق نے سعودی خاتون کو کامیاب تاجرو صنعت کار بنا دیا۔ شوق ہی شوق میں فرنیچرسازی کے کام کا آغاز کیا جواب مملکت کی سب سے بڑی فرنیچرتیار کرنے والی فیکٹری میں تبدیل ہوگیا۔
عاجل نیوز کے مطابق نجی ٹی وی چینل ’روتانا‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کامیاب صنعت کارسعودی خاتون کوثر الدلیبی نے بتایا کہ بچپن سے ہی انہیں گھریلوسجاوٹ کا بے حد شوق تھا۔
اپنے شوق کو پورا کرنے کےلیے کمروں کو مختلف اشیا سے سجایا کرتی تھی۔ ثانوی تعلیم مکمل کرنے کے بعد انٹیرئیرڈیکوریٹرکے طورپرپڑھائی جاری رکھنے کی کوشش کی مگر اس وقت اس میدان میں اعلی تعلیم کی سہولت نہیں تھی جس کی وجہ سے ’معاشیات‘ کے شعبے کو منتخب کیا۔
معروف صنعت کارسعودی خاتون کوثر کا مزید کہنا تھا کہ پڑھائی مکمل کرنے کے بعد میں یکسو ہوکرڈیکوریشن کی فیلڈ میں آئی جس کے بعد فرنیچر کے میدان کو اختیارکیا۔
ابتدا میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا مگر اپنے شوق کے ہاتھوں ہرمشکل کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا جس کا نتیجہ آج سعودی عرب کی سب سے بڑی فرنیچر سازی کی فیکٹری کے طورپرسب کے سامنے ہے۔