رواں ہفتے کے اختتام پر سردی کی ایک اور لہر زیادہ شدید ہوگی
اتوار 23 جنوری 2022 10:35
’ہفتے کے درمیانی دنوں میں درجہ حرارت میں اضافہ محسوس ہوگا مگر جیسے ہی ہفتہ ختم ہونے لگے گا سردی بڑھتی جائے گی‘۔
سعودی ماہر موسمیات ڈاکٹر عبد اللہ المسند نے کہا ہے کہ رواں ہفتے کے اختتام پر سردی کی ایک اور لہر متوقع ہے جو زیادہ شدید ہوگی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’آج سے آنے والے چند دنوں میں سردی کم ہوتی محسوس ہوگی مگر ہفتے کے اختتام تک اس میں اچانک اضافہ ہوجائے گا‘۔
انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ ’شمالی، وسطی اور مشرقی علاقوں میں سردی کی نئی لہر گزشتہ لہر سے زیادہ سخت ہوگی‘۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے بھی کہا ہے کہ ’سردی کی لہر ختم نہیں ہوئی، ہمیں طویل موسم سرما کا سامنا ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’ہفتے کے درمیانی دنوں میں درجہ حرارت میں اضافہ محسوس ہوگا مگر جیسے ہی ہفتہ ختم ہونے لگے گا سردی بڑھتی جائے گی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’شمالی علاقوں میں ہلکی اور درمیانے درجے کی بارش ہوتی رہے گی‘۔
ادھر مدینہ منورہ میں آج مطلع غبار آلود ہے جس کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’مدینہ منورہ شہر کے علاوہ الحناکیہ اور المہد میں شام 6 بجے تک فضا میں غبار رہے گا‘۔